ماسکو (اے این این، اے ایف پی، نوائے وقت رپورٹ) روس میں 23 برس پرانا بوئنگ مسافر طیارہ گر کر تباہ ہونے سے عملے سمیت 50 افراد ہلاک ہوگئے۔ روسی میڈیا رپورٹ کے مطابق مسافر طیارہ ماسکو سے کازان جارہا تھا کہ فنی خرابی کے باعث گر کر تباہ ہوگیا۔ ہلاک شدگان میں عملے کے 6 ارکان بھی شامل ہیں۔ طیارے میں سوار کوئی بھی شخص زندہ نہیں بچا۔ روس کے محکمہ ہوابازی نے واقعہ کی تحقیقات شروع کردی ہیں۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق واقعہ روس کے مغربی صوبے تارستان کے دارالحکومت کازان ایئرپورٹ پر پیش آیا۔ طیارہ ماسکو سے اندرون ملک پرواز پر کازان پہنچا تھا جہاں لینڈنگ سے پہلے اسے آگ لگ گئی جس کے باعث طیارے کو ہنگامی لینڈنگ کرنی پڑی۔ عینی شاہدین کے مطابق طیارے میں لینڈنگ کے بعد آگ لگی جس کے باعث وہ تباہ ہوگیا۔ قبل ازیں طیارے نے تین بار لینڈنگ کی ناکام کوشش کی۔ یہ طیارہ تارستان ایئرلائن کی ملکیت تھا۔
روس میں مسافر طیارہ گر کر تباہ، عملے سمیت 50 افراد ہلاک
Nov 18, 2013