کراچی ۔ فائرنگ اور تشدد کے واقعات میں 13 افراد ہلاک 6 زخمی

Nov 18, 2013

کراچی (کرائم رپورٹر + نوائے وقت رپورٹ) کراچی میں فائرنگ اور تشدد کے واقعات میں 13 افراد ہلاک 6 زخمی ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق لیاری میں دو روز کی مورچہ بند لڑائی کے بعد اتوار کو قدرے سکون رہا تاہم علاقے میں کشیدگی برقرار ہے۔ اس سے قبل رینجرز اور پولیس اہلکاروں کی بھاری نفری نے دبئی چوک ملحقہ علاقوں میں سرچ آپریشن کیا۔ اس دوران گینگ وار کے ملزموں نے شدید مزاحمت کی، فائرنگ کے تبادلے میں بابا لاڈلہ گروپ کے محمد حکیم عرف چھوٹا جھینگو، محسن بابا، شبیر عرف گوٹا اور عمر عرف جانو مارے گئے۔ علاقہ مکینوں نے مقابلے کو جعلی قرار دیتے ہوئے مظاہرہ کیا جس سے ماڑی پور روڈ اور دیگر سڑکوں پر ٹریفک گھنٹوں جام رہا۔ دریں اثناء اورنگی ٹائون کے علاقے ایم پی آر کالونی میں موٹر سائیکل سوار افراد نے 30 سالہ سلیم ظفر اور ناظم آباد دو نمبر میں 40 سالہ فضل تقی کو گولیاں مار کر ہلاک کردیا۔ سرجانی میں وقار حسن بہارکالونی لیاری میں بخت زمین سمیت 6 افراد فائرنگ سے زخمی ہوگئے۔ علاوہ ازیں کلفٹن کے علاقے نیلم کالونی میں گیس سلنڈر پھٹنے سے کباڑیہ غلام حیدر، اسکی 2 سالہ پوتی چاندنی اور پوتا 5 سالہ ساگر جاں بحقجبکہ  3 دیگر پوتے پوتیوں سمیت 5 شدید زخمی ہوگئے۔ بتایا گیا ہے غلام حیدر کباڑ کا مال گھر پر لاکر لوہا پگھلا رہا تھا کہ ایک سلنڈر پگھلاتے ہوئے دھماکے سے پھٹ گیا جس سے علاقہ لرز اٹھا جبکہ گارڈن کے علاقے دھوبی گھاٹ میں 45 سالہ راشد کی پھندے سے لٹکی نعش ملی۔ پولیس ذرائع کے مطابق اس نے گھریلو پریشانیوں سے تنگ آکر خودکشی کی۔ ادھر ڈائریکٹر جنرل پاکستان رینجرز سندھ میجر جنرل رضوان اختر نے ہدایت کی ہے کہ کراچی میں امن و امان کی صورتحال کو یقینی بنانے کیلئے ہرممکن اقدامات کئے جائیں اور کسی کو قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جائے۔ انہوں نے یہ بات ملک میں غیر معمولی صورتحال کے پیش نظر کراچی کے حالات پر غور و خوص کیلئے بلائے گئے اعلیٰ سطح کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہاکہ قانون شکن عناصر کو حال ہی میں تفویض کردہ 90 دن تک حراست میں رکھنے کے اختیارات کے تحت گرفتار کرلیا جائے اور لاقانونیت میں ملوث عناصر کے ساتھ سختی سے نمٹا جائے جبکہ ایڈیشنل آئی جی کراچی شاہد حیات نے کہا ہے کہ لیاری میں امن ہونے تک رینجرز اور پولیس تعینات رہے گی اور ہم لیاری میں امن لاکر دکھائیں گے۔ انہوں نے یہ بات اتوار کو لیاری کے مختلف علاقوں میں دورے کے موقع پر کہی۔ انہوں نے کہاکہ لیاری میں گینگ وار کے چار پانچ سو ملزموں میں سے حکومت کی رٹ کو کوئی چیلنج نہیں کرسکتا، ہم حکومت کی رٹ قائم کرکے دکھائیں گے۔اورنگی ٹائون کے علاقے چشتی نگر میں فائرنگ کرکے 2افراد کو قتل کردیا گیا۔ نامعلوم افراد دونوں کی نعشیں گاڑی سے پھینک کر فرارہوگئے جبکہ قائدآباد میں سلطان نامی شخص کو فائرنگ کرکے ہلاک کردیا گیا۔ گرومندر میں مسلح افراد کی فائرنگ سے ایک لڑکی سمیت 2افراد زخمی ہوگئے۔

مزیدخبریں