اسلام آباد (قدسیہ اخلاق + دی نیشن رپورٹ) وزیراعظم نواز شریف 30 نومبر تا 4 دسمبر کے دوران کابل کا دورہ کریں گے۔ افغانستان میں قیام کے دوران وزیراعظم نواز شریف اور افغان صدر حامد کرزئی کے مابین ملاقات میں کنہار ڈیم اور پشاور کابل موٹر وے سمیت اہم منصوبوں کا اعلان متوقع ہے۔ وزیراعظم میاں نواز شریف افغانستان کا پہلا سرکاری دورہ کریں گے۔ وزیراعظم کے افغانستان دورے کے حوالے سے 30 نومبر تا 4 دسمبر کی تاریخوں کے بارے میں منصوبہ بندی کی جا رہی ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم کے متوقع دورہ کے دوران دونوں ممالک کے مابین سیاسی اور معاشی صورتحال پر بھی گفتگو کی جائے گی۔ افغانستان میں امن عمل کا ایجنڈا سرفہرست ہو گا۔ ملاقات کے دوران توانائی، انفراسٹرکچر منصوبوں اور دو طرفہ تعلقات کو فروغ دینے کے بارے میں گفتگو زیر بحث آئے گی۔ ذرائع کے مطابق دونوں ممالک کے مابین معلومات کے تبادلے، کنہار ڈیم، پشاور کابل موٹروے سمیت چمن قندھار ریلوے لائن بچھانے جیسے منصوبوں پر عملدرآمد کے معاہدے بھی متوقع ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے افغانستان کی جانب سے وزیراعظم نواز شریف کے دورہ کابل سے مضبوط تجارتی، معاشی اور سیاسی تعلقات کی امید کی جا رہی ہے۔ اے این این کے مطابق وزیراعظم نواز شریف افغان صدر حامد کرزئی کی دعوت پر جلد افغانستان کا دورہ کریں گے۔ یہ بات افغان وزارت خارجہ کے ترجمان جانان موسیٰ زئی نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ ترجمان نے کہا نواز شریف کے دورہ افغانستان کا ایجنڈا طے کرنے کے حوالے سے کام جاری ہے۔ تاحال اس دورے کی تاریخ طے نہیں ہوئی۔