لاہور+ دبئی (خبر نگار + نوائے وقت رپورٹ) پاک فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مارشل طاہر رفیق بٹ نے دوبئی ائر شو کی افتتاحی تقریب میں شرکت کی۔ کئی ممالک کی فضائی افواج کے سربراہان اور وفود بھی اس تقریب میں موجود تھے۔ اس ائر شو کا افتتاح دبئی کے حکمران اور متحدہ عرب امارات کے وزیراعظم عزت مآب شیخ محمد بن راشد المکتوم نے کیا۔ وفاقی وزیر برائے دفاعی پیداوار رانا تنویر حسین نے بھی ائرشو کا دورہ کیا اور ائرچیف سے ملاقات کی۔ JF-17 تھنڈر اس موقع پر سب سے نمایاں حیثیت کا حامل تھا اور دنیا بھر سے آئے ہوئے دفاعی وفود نے اس اکیسویں صدی کے ہمہ جہت، کم قیمت لڑاکا جنگی جہاز میں بھرپور دلچسپی لی۔ پاک فضائیہ کے سربراہ ائرچیف مارشل طاہر رفیق بٹ نے اس شو میں کئی سٹالز کا دورہ کیا اور کئی ممالک کے فضائی افواج کے اعلیٰ عہدیداران سے ملاقات کی۔ دبئی سے نوائے وقت رپورٹ کے مطابق دبئی میں ائرشو کا آغاز ہوگیا۔ انٹرنیشنل ائرشو میں پاکستان کے جے ایف 17تھنڈر اور مشاق طیاروں نے اپنی پروازوں سے ماحول گرما دیا اور ائرشو کے دوران جے ایف تھنڈر اور مشاق طیاروں کے ذریعے پاکستانی جانبازوں نے حیرت انگیز کرتب دکھائے۔علاوہ ازیں ایئر چیف مارشل طاہر رفیق بٹ نے کہا ہے کہ جے ایف 17 تھنڈر طیارے چین کے تعاون سے برآمد کئے جائیں گے۔ دبئی میں ایئر شو کے افتتاح کے موقع پر ایئر چیف مارشل جے ایف 17 تھنڈر طیارے کے کاک پٹ میں بیٹھے اور ایئر شو میں شریک چینی دفاعی حکام سے بات چیت کے بعد جے ایف 17 تھنڈر طیاروں کو برآمد کرنے کا اعلان کیا۔
دوبئی میں ائر شو شروع، پاکستانی جے ایف 17تھنڈر اور مشاق طیاروں نے ماحول گرما دیا
Nov 18, 2013