سیف اللہ سپرا
ماڈل و اداکارہ ریچل گل کا شمار پاکستان کی چند ان فنکار اﺅں میں ہوتا ہے جو پرفارمنگ آرٹ کے تین اہم شعبوں ماڈلنگ، اداکاری اور کمپیئرنگ میں پرفارم کرنے کی یکساں مہارت رکھتی ہیں انہوں نے ماڈلنگ سے اپنے فنی کیرئر کا آغاز کیا ایک سال بعد اداکاری بھی شروع کر دی تیرے پہلو میں ان کی پہلی ڈرامہ سیریل تھی۔ انہوں نے متعدد ڈرامہ سیریلز میں اداکاری کے جوہر دکھائے جن میں خواہشوں کے جگنو، نوہری نوکری شامل ہیں، انہوں ے کئی ٹی وی چینلز کے شوز کی میزبانی بھی کی، آرٹ کے مذکورہ تینوں شعبوں میں ان کی پرفارمنس لوگوں نے پسند کی حال ہی میں انہوں نے ایک فلم سایہ خدائے ذوالجلال سائن کی ہے۔ ریچل گل اپنی پر کشش شخصیت، خوبصورتی اور ذہانت کے باعث بڑی تیزی سے ترقی کی منازل طے کر رہی ہیں۔ اور وہ اس وقت ملک کی مصروف ترین آرٹسٹ بن چکی ہیں۔ پاکستان کی اس مقبول ترین ماڈل، اداکارہ اور کمپیئر سے گزشتہ دنوں ایک ملاقات ہوئی جس میں ان کی فنی زندگی اور شوبز انڈسٹری کے حوالے سے گفتگو ہوئی جس کے منتخب حصے قارئین کی دلچسپی کے لئے پیش کئے جا رہے ہیں۔
٭....آپ شوبز کی دنیا میں کیسے آئیں؟
جواب............مجھے ماڈلنگ اور اداکاری جیسی سرگرمیاں بچپن میں ہی بہت اچھی لگتی تھیں میں ابھی زیر تعلیم ہی تھی کہ میں نے فیشن فوٹو گرافر اطہر شہزاد کے ساتھ اپنے اس شوق کا اظہار کیا، انہوں نے میرے شوٹ کئے جو مختلف اخبارات اور جرائد میں شائع ہوئے۔ ساتھ ہی فیشن شوز میں بھی حصہ لینا شروع کر دیا یہ غالباً 2005ءکی بات ہے، اس کے ایک سال بعد ہی ٹی وی ڈراموں میں اداکاری شروع کر دی۔ تیرے پہلو میں ” میری پہلی ڈرامہ سیریل تھی یہ سیریل جب ایک نجی ٹی وی چینل سے آن ائر گئی تو لوگوں نے میری ماڈلنگ کی طرح میری اداکاری بھی پسند کی مجھے بہت سے ٹی وی ڈراموں میں کام کی آفرز ہوئیں مگر میں نے صرف معیاری ڈرامے سائن کئے یہی وجہ ہے کہ میرے ٹی وی ڈراموں کی کامیابی کا تناسب بہت زیادہ ہے میرے مقبول ٹی وی ڈراموں میں ” تیرے پہلو میں“ کے علاوہ پی ٹی وی کا ڈرامہ خواہشوں کے جگنو اور اے ٹی وی کا ڈرامہ ” نوہری نوکری“شامل ہیں۔
٭....کیا آپ کو فلم میں کام کرنے کی آفر ہوئی ہے؟
جواب............مجھے بہت عرصے سے فلموں میں کام کرنے کی آفرز ہو رہی تھیں مگر میں انکار کر رہی تھی حال ہی میں مجھے ایک بڑی اور معیاری فلم سایہ خدائے ذوالجلال میں کام کی آفر ہوئی جو میں نے قبول کر لی اس فلم کی شوٹنگ آجکل ہو رہی ہے۔ مجھے اس فلم میں اہم کردار ملا ہے فلم کی دیگر کاسٹ میں معمر رانا اور شفقت چیمہ شامل ہیں۔ اس فلم کا سبجیکٹ اچھا ہے امید ہے کہ یہ فلم لوگوں کو پسند آئے گی۔
٭....کیا آپ کو سٹیج ڈرامے میں کام کی آفر ہوئی۔
جواب............جی ہاں بہت آفرز ہو رہی ہیں مگر آج کل سٹیج ڈرامے کے جو حالات ہیں وہ آپ کے سامنے ہیں ان میں نہ تو کوئی شریف کام کرنے کا سوچ سکتا ہے اور نہ شریف آدمی یہ ڈرامے دیکھتے ہیں۔ اس لئے میں نے سٹیج ڈراموں میں کام سے معذرت کر لی ہے۔
٭....آپ نے کمپیئرنگ بھی کی ہے، کمپیئرنگ کا تجربہ کیسا رہا ہے؟
جواب............میں نے اے ٹی وی کے شو مستی مستی اور ایک اے آر وائی کے شو کی کمپیئرنگ کی ہے۔ ماڈلنگ اور اداکاری کی طرح کمپیئرنگ کا تجربہ بھی اچھا رہا ہے۔ لوگوں نے میرے شوز کی میزبانی کو بہت پسند کیا ہے۔
٭....آپ ماڈلنگ، اداکاری اور کمپیئرنگ آرٹ کے تین شعبوں میں کام کر رہی ہیں آپ کی پہلی ترجیح کون سا شعبہ ہے؟
جواب............ماڈلنگ ہو، اداکاری یا کمپیئرنگ میں نے ہمیشہ معیاری کام کو ترجیح دی ہے۔ میں نے زیادہ ماڈلنگ کی ہے، ماڈلنگ کے بعد اداکاری کو انجوائے کر تی ہوں۔
٭....فیشن انڈسٹری کے بارے میں آپ کی کیا رائے ہے؟
جواب............شوبز میں فیشن انڈسٹری واحد شعبہ ہے جو ترقی کر رہا ہے۔ کراچی، لاہور اور اسلام آباد میں آئے روز فیشن شوز ہو رہے ہیں جن کی بدولت لوگوں کو نئے فیشن کا پتہ چلتا ہے ، فیشن تو ہر گھر کی ضرورت ہے فیشن شوز سے لوگوں کو پتہ چلتا ہے کہ کون سے ملبوسات زیب تن کرنے سے وہ اچھے لگیں گے اور ان کی شخصیت میں نکھار آئے گا۔ ان فیشن شوز سے نہ صرف پاکستانی ملبوسات دنیا بھر میں مقبول ہو رہے ہیں۔ بلکہ پاکستان کا ایک اچھا امیج بھی دنیا کے سامنے آ رہا ہے۔ اور دنیا کو پاکستان کی ثقافت کے بارے میں بھی آگاہی ہو رہی ہے۔
٭....پاکستان کے ٹی وی ڈرامے کے بارے میں آپ کی کیا رائے ہے؟
جواب............ماضی میں پاکستان کے ٹی وی ڈرامے بہت معیاری تھے با مقصد اور با معنی ، منفرد موضوعات پر بنائے جاتے تھے۔ ہر ڈرامے کی الگ کہانی ہوتی تھی یہی وجہ ہے کہ تنہائیاں، اندھیرا اجالا، وارث، سونا چاندی بند گلی وادی اور آنچ جیسے ڈرامے آج بھی لوگوں کو نہیں بھولے، آج ٹی وی چینلز زیادہ ہو گئے ہیں جن پر بہت سے ڈرامے چل رہے ہیں۔لیکن ایسا محسوس ہوتا ہے کہ تمام چینلز یہ ایک ڈرامہ ہی چل رہا ہے۔یعنی تمام ڈرامے ایک جیسے ہی ہیں۔ آج کا ٹی وی ڈرامہ یکسانیت کا شکار ہو گیا ہے۔ ماضی میں پاکستان کے ٹی وی ڈرامے ہمسایہ ممالک میں بھی بہت مقبول تھے۔ بھارت نے تو ڈرامے شروع ہی پاکستان کے ڈرامے دیکھ کرکئے ہیں۔
٭....پاکستان کی فلم انڈسٹری کے حالات پر آپ کیا تبصرہ کریں گی؟
جواب............پاکستان فلم انڈسٹری کے حالات کچھ عرصے سے اچھے نہیں۔ اب نئے لوگ نئی سوچ لے کر فلمیں بنا رہے ہیں اور انہیں کسی حد تک کامیابی بھی ہوئی ہے۔ نا معلوم افراد اور اپریشن 021لوگوں نے پسند کی ہیں۔ اب ” سایہ خدائے ذولجلال“ کے نام سے ایک معیاری فلم بن رہی ہے جس میں میں ایک اہم رول کر رہی ہوں۔ اگر ایسی فلمیں بنتی رہیں تو بہت جلد فلم انڈسٹری کے حالات بہتر ہو جائیں گے۔
٭....کیا آپ کو گلوکاری کا شوق ہے؟
جواب............جی نہیں، مجھے گلوکاری کا بالکل شوق نہیں۔
٭....آپ کی فیملی میں سے کوئی اور شخص بھی شوبز میں آیا ہے؟
جواب............جی ہاں میری بڑی بہن پونم ٹی وی ڈراموں کی مقبول اداکارہ رہی ہیں۔وہ اداکاری کے ساتھ ساتھ گلوکاری بھی کرتی ہیں۔ ایک بھائی فہیم انور کا میوزک سٹوڈیو ہے۔ ایک بہن لندن میں ہوتی ہیں انہوں نے بھی شوبز میں کچھ عرصہ کام کیا ہے۔ ان کی شادی ہو گئی ہے اور لندن میں اپنی فیملی کے ساتھ رہ رہی ہیں۔
٭....آپ کب شادی کریں گی؟
جواب............سال دو سال تک شادی کر لوں گی فی الحال کام میں بہت مصروف ہوں۔