اسلام آباد (آن لائن) فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے نان فائلرز اور ٹیکس واجبات جمع نہ کرانے والے بڑے ٹیکس نا دہندگان کے نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ میں شامل کرنے کا اصولی فیصلہ کیا ہے۔اس ضمن میں ایف بی آر کے سینئر افسر نے بتایا ہے کہ فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے ماتحت اداروں سے نان فائلرز اور بڑے بڑے ٹیکس نادہندگان کی فہرستیں مانگی ہیں۔ ان نان فائلرز سے 159 ارب روپے سے زائد کے واجبات کی ریکوری کے لیے ٹیکس چوروں اور نان فائلرز کے نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ(ای سی ایل) میں ڈالنے کا اصولی فیصلہ کیا گیا ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ بار بار مہلت دینے کے باوجود این ٹی این تک نہ حاصل کرنے والے قابل ٹیکس آمدنی کے حامل لوگوں کے خلاف بھی کارروائی کی جائے گی۔ ذرائع نے بتایا کہ نان فائلرز کے خلاف کارروائی کے لیے جو سب سے اہم اقدام تھا وہ نان فائلرز کے کمپیوٹرائزڈ قومی شناختی کارڈ بلاک کرنا تھا مگر یہ اختیارات پارلیمنٹ سے منظوری کی صورت میں ملنا ہیں جو کہ ابھی تک نہیں ہوسکا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اگر نان فائلرز اور ٹیکس چوروں کے نام ای سی ایل میں شامل کرنے کے اختیارات مل جاتے ہیں تو واجبات کی ریکوری میں مدد ملے گی۔ذرائع کا کہنا ہے کہ ایف بی آر کی طرف سے پہلے ہی 24 لاکھ 99ہزار 39 نان فائلرز کی نشاندہی کی جاچکی ہے مزید اہم ریکارڈ اکھٹا ہورہا ہے جو مستقبل میں ٹیکس نیٹ کو وسعت دینے میں مددگار ثابت ہوگا۔