لاہور (خصوصی رپورٹر) اچھرہ میں تحریک انصاف پنجاب کے صدر اعجاز چودھری اور مسلم لیگ ن کے رہنما وزیراعلیٰ کے کوآرڈی نیٹر میاں محمد طارق کے کارکنوں کے درمیان گو نواز گو اور رو عمران رو کے نعروں کا مقابلہ ہو گیا۔ دونوں جماعتوں کے کارکنوں نے آمنے سامنے کھڑے ہو کر نعرے بازی کی۔ اس موقع پر بیچ بچائو کی کوشش میں پولیس کانسٹیبل احسان زخمی ہو گیا۔ مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور وزیراعلیٰ پنجاب کے سابق معاون صلاح الدین پپی نے نوائے وقت سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان اور اعجاز چودھری جیسے لوگ دوسروں کے بچوں کو آپس میں لڑوانے کی راہ پر لگے ہوئے ہیں جس کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے۔ ادھر تحریک انصاف کے رہنما میاں اسلم اقبال نے مسلم لیگ ن کے کارکنوں پر الزام عائد کیا کہ وہ اشتعال انگیزی کے مرتکب ہو رہے ہیں۔ تھانہ اچھرہ نے اس واقعہ کی رپٹ درج نہیں کی کیونکہ دونوں طرف سے کوئی بھی مقدمہ درج کروانے کے لئے تھانہ نہیں پہنچا۔
’’گو نواز گو، رو عمران رو‘‘ مسلم لیگ ن اور پی ٹی آئی کے کارکنوں میں نعروں کا مقابلہ
Nov 18, 2014