پریذائیڈنگ افسر کو تھپڑ، سپریم کورٹ نے وحیدہ شاہ کی سزا مکمل ہونے پر کیس نمٹا دیا

اسلام آباد (آن لائن)سپر یم کورٹ نے سابق رکن سندھ اسمبلی وحیدہ شاہ کے حوالے سے پریذائیڈنگ افسر کو تھپڑ مارنے کی 2 سال سزا مکمل ہونے پر مقدمہ نمٹا دیا۔ الیکشن کمشن نے پریذائیڈنگ افسر کو تھپڑ مارنے کی وجہ سے وحیدہ شاہ کو دو سال کے لئے نااہل قرار دیا تھا جبکہ سابق وزیر اعلی سندھ لیاقت جتوئی کو ڈی سیٹ کرنے سے متعلق پیر افضل شاہ نے کیس واپس لے لیا جبکہ باقی دیگر دو مقدمات کی سماعت اگلے ماہ ہو گی۔ تفصیلات کے مطابق منگل کے روز جسٹس میاں ثاقب نثار کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے وحیدہ شاہ کیس کی سماعت کی۔ اس دوران وحیدہ شاہ کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ وحیدہ شاہ اپنی نااہلی کی سزا مکمل کر چکی ہیں لہذا اب ان کے حوالے سے فیصلہ کیا جائے اس پر عدالت نے مقدمہ نمٹاتے ہوئے کہا ہے کہ اس فیصلے کی وجہ سے نااہلی کا کوئی اثر نہیں پڑے گا جبکہ دوسری جانب سابق وزیر اعلی سندھ لیاقت جتوئی کے مقدمے کی سماعت کی گئی جن میں ان کے مخالف امیدوار پیر افضل شاہ نے درخواست واپس لے لی۔

ای پیپر دی نیشن