فیصل آباد+ لاہور (نمائندہ خصوصی+ نامہ نگاران) واپڈا ڈسٹری بیوشن کمپنیوں کی مجوزہ نجکاری کیخلاف فیصل آباد سمیت کئی شہروں میں واپڈا ملازمین کا احتجاج گذشتہ روز بھی جاری رہا۔ تفصیلات کے مطابق نجکاری کے خلاف فیسکو کے آٹھ اضلاع میں مسلسل تیرہویں روز بھی احتجاج جاری رہا۔ فیسکو کی نجکاری کے خلاف تمام انجیئیزز ،آفیسرز،اور مزدور متحد ہوچکے ہیںاور سب نے عہد کر رکھا ہے کسی صورت ملکی سالمیت کو دائو پر نہیں لگنے دینگے۔ احتجاجی شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے یونین رہنما چودھری سرفراز احمد ہندل نے کہا کہ حکومت کی نجکاری پالیسی لوٹ مار اور اپنوں کو نوازنے کے سوا کچھ نہیں۔ ہم مزدور حکومت کی اس لوٹ مار کی پالیسی کو کبھی بھی کامیاب نہیں ہونے دینگے۔ مقررین نے وزیراعظم کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ کیسے وزیراعظم ہیں کہ مزدور مسلسل احتجاج پر ہیں لیکن آپ کے مشیر سب اچھا کا پیغام آپ تک پہنچا رہے ہیں ہم مزدور آپ کو بتاتے ہیں کہ سب اچھا نجکاری کے فیصلے کی واپسی سے منسلک ہے بصورت دیگر تمام محکمہ جات کے مزدوروں کا سمندر سڑکوں پر ہو گا جو آپ کی حکومت کو بہا کر لے جائے گا۔ فیسکو ٹوبہ ٹیک سنگھ کے ملازمین نے بھی منگل کو مکمل ہڑتال کی اور فیسکو دفاتر میں احتجاجی دھرنا دیا اور دفاتر کی مکمل تالہ بندی کی، پاکستان واپڈا ہائیڈرو الیکٹرک یونین کے ڈویژنل صدر محمد شہباز نے کہا کہ حکومت فیسکو کی نجکاری کے ذریعے فیسکو کے ہزاروں ملازمین کا معاشی قتل کر رہی ہے۔ واپڈا ہائیڈرو الیکٹرک لیبر یونین کے سینکڑوں ارکان نے گزشتہ روز میپکو ڈویژن بورے والا کے دفاتر کی تالا بندی کر کے شدید احتجاج کیا گیا اور دھرنا دیا۔ واپڈا ملازمین نے سب ڈویژن لیسکو منڈی احمد آباد سمیت پورے ضلع اوکاڑہ میں ایک ہفتہ کے لیے ہڑتال کر کے دفاتر کی تالا بندی کی۔ ہائیڈرو الیکٹرک سنٹرل لیبر یونین کی کال پر بورے والا سمیت ضلع بھر میں واپڈا دفاتر کی غیر معینہ مدت کیلئے تالہ بندی دوسرے روز بھی جاری رہی۔ واپڈا ملازمین نے میپکو کمپلیکس میں احتجاجی مظاہرہ اور دھرنا دیا۔ پاکپتن میں بھی میپکو ڈویژن پاکپتن میں چار سب ڈویژنوں اور آر۔او آفس کی تالہ بندی۔ ملازمین نے واپڈا کمپلیکس میں دھرنا دے کر احتجاج کیا۔ واپڈا ملازمین یونین کے رہنمائوں نے میڈیا نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت واپڈا کی نجکاری کر کے ملاز مین کا استحصال کر رہی ہے ہم اس فیصلہ کو ہر گز قبول نہیں کرتے۔ واپڈا ہائیڈرو الیکٹرک یونین سب ڈویژن واربرٹن نے واپڈا نجکاری کے خلاف احتجاج کیا۔ چیئرمین واپڈا یونین واربرٹن چودھری محمد حنیف جٹ عبدالقدوس اور رانا محمد نواز کی قیادت میں احتجاجی دھرنا دیا اور دفاتر کی تالہ بندی کی۔ نجکاری کے خلاف ننکانہ صاحب میں دوسرے روز بھی تمام دفاتر کی تالا بندی کے بعد دھرنا دیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق لیسکو کی نجکاری کے خلاف پورے ملک کی طرح ننکانہ صاحب ڈویژن کی سطح پر تمام دفاتر کی تالابندی کی گئی اور دفتر ایکسین کے سامنے دھرنا دیا گیا جس میں سب ڈویژن ننکانہ کے علاوہ رولر سب ڈویژن ننکانہ، واربرٹن، بچیکی، بڑاگھر کے علاوہ مانگٹانوالہ کے سینکڑوں ملازمین نے دھرنے میں شرکت کی۔ جھنگ میں واپڈا کی نجکاری کے خلاف ملازمین کا انوکھا احتجاج کیا گیا۔ آل پاکستان واپڈا ہائیڈرو الیکٹرک ورکرز لیبر یونین کی کال پر احتجاجی ریلی زیرقیادت ملک نور الحسن زونل چیئرمین جھنگ سرکل سے پریس کلب تک نکالی گئی۔ احتجاجی ملازمین نے ڈھول کی تھاپ پر خواجہ سرائوں کے ساتھ بھنگڑا ڈالا اور سینکڑوں ملازمنی نے پریس کلب کے سامنے دھرنا دیا۔ مقررین نے کہاکہ حکومت ہوش کے ناخن لیتے ہوئے نجکاری کا فیصلہ واپس لے کیونکہ نجکاری نہ تو ملک کے مفاد میں ہے اور نہ ہی مزدوروں کے مفاد میں ہے۔ یہ صرف اور صرف ملکی معیشت کو کھوکھلا کرنے کی گھنائونی سازش ہے۔گجرات میں بھی گیپکو سرکل میں دفاتر کی مکمل تالہ بندی رہی اور ملازمین نے احتجاجی مظاہرے کئے۔ ڈویژنل چیئرمین پاکستان ہائیڈرو لیبر یونین حفیظ گجر نے اس موقع پر کہا کہ مطالبات کی منظوری تک ہڑتال جاری رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی قیادت ہڑتال کی کال واپس نہیں لے گی ہم بھی اپنا احتجاج جاری رکھیں گے۔ ادھر لیسکو سب ڈویژن بصیر پور میں بھی ملازمین نے ہڑتال جاری رکھی جس سے میٹروں کی ریڈنگ اور واجبات کی وصولی بھی متاثر ہوئی اور صارفین کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔ ملازمین کے مطابق نجکاری کا فیصلہ واپس لینے تک ہڑتال جاری رہے گی۔
واپڈا نجکاری کیخلاف لاہور سمیت کئی شہروں میں ملازمین کی ہڑتال جاری
Nov 18, 2015