چترال (آن لائن) قومی اسمبلی میں قائد حز ب اختلاف سید خورشید شاہ نے کہا ہے کہ وہ منفی سیاست برپا کرکے حکومت کو ہدف تنقید بنانے کی بجائے مسائل کو حل کرانے کا خواہاں ہیں اور بنیادی طور پر چاہتے ہیں کہ حکومت خود ہی زلزلہ زدگا ن کے مسائل حل کرے گی لیکن بار بار یاد دہانی کے باوجود بھی اگر زلزلہ زدگان کو ریلیف اور ان کی آبادکاری کے حوالے سے مثبت تبدیلی نہیں آئی تو اپوزیشن بھر پور اور موثر احتجاج پر اتر آئیگی اور حکومت کو کام کرنے کا موقع فراہم کرنے کا مطلب ہرگز کچھ اور نہ لیا جائے۔ منگل کے روز چترال میں زلزلہ زدگان کو دئیے جانے والے سہولیات کے بارے میں جائزہ لینے کیلئے اپنے دورے کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے انہوںنے کہاکہ پی پی پی کا چترالی عوام کے ساتھ شہید ذولفقار علی بھٹو کے دور سے ایک مضبوط رشتہ قائم ہوا ہے جوکہ ہمیشہ قائم بھی رہے گا۔ خورشید شاہ نے سندھ حکومت کی طرف سے متاثرین زلزلہ کیلئے دس ہزار بوری گندم کی فراہمی ، بجلی کی فراہمی کے لئے 250کلوواٹ کے تین جنریٹر وں کی فراہمی جبکہ سبسڈائزڈ ریٹ پر گندم کی فراہمی سمیت دوسرے مسائل کے حل کیلئے وزیر اعظم کو تحریری اور زبانی طور پر آگاہ کرنے کا اعلان کیا۔ اس موقع پر قمر زمان کائرہ نے بھی اس امر کا اعادہ کیاکہ ان کے مسائل کو پارلیمنٹ سمیت تمام دستیاب فورم پر اٹھائے جائیں گے۔