آزادانہ تجارت‘ پاک چین مذاکرات فروری میں اسلام آباد میں ہونگے

Nov 18, 2015

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) پاک چین آزادانہ تجارت مرحلہ دو کے مذاکرات کا آئندہ دور فروری 2016 ء میں اسلام آباد میں ہو گا۔ یہ مذاکرات کا ساتواں دور ہو گا جبکہ بیجنگ میں چھٹے دور میں دونوں ممالک کے درمیان مختلف ایشوز پر اتفاق رائے نہیں ہو سکا۔ چھٹے دور میں پاکستان نے چین سے مطالبہ کیا کہ ایف ٹی اے مرحلہ دو میں پاکستان کی مجموعی ٹیرف لائنز کی 20 فیصد کے مساوی مصنوعات کو رعائتی شرح ڈیوٹی کی فہرست میں شامل کیا جائے۔ جبکہ چین نے 10 فیصد تک مصنوعات پر رعایت دینے کی پیشکش کی۔ پاکستان نے چین سے کہا کہ چین پاکستان کو زیادہ رعایات دینے کا اصول اپنائے جبکہ پاکستان سے کم رعایات طلب کی جائیں۔ اس ایشو پر اسلام آباد مذاکرات میں غور کیا جائے گا۔ چین نے اپنی مصنوعات پر ریگولیٹری ڈیوٹی لگانے کا ایشو اٹھایا۔ ٹریڈ‘ سروسز اور سرمایہ کاری کے شعبوں میں دونوں ممالک نے اپنے اپنے طور پر مطالبات کرانے پر اتفاق کیا۔ پاکستان نے سرجیکل مصنوعات کی چین میں برآمد میں اضافہ کا مطالبہ کیا۔ چین نے مؤقف اختیار کیا کہ پاکستانی سرجیکل مصنوعات کو چین کے اندر رجسٹرڈ کرایا جائے۔ چین نے رجسٹریشن کے حصول کیلئے سہولت دینے کی پیشکش کی۔ دونوں ممالک کے درمیان کسٹمز کے شعبے میں ڈیٹا کے تبادلہ کا نظام یکم جولائی 2016 ء سے متحرک کرنے پر اتفاق رائے ہو گیا۔

مزیدخبریں