واشنگٹن (نوائے وقت رپورٹ) نو منتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نئی حکومتی ٹیم کا اعلان آج کریں گے۔ امریکی اخبار کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ سٹیٹ ڈیپارٹمنٹ، پینٹاگون اور نیشنل سکیورٹی کونسل ٹیم کا اعلان کریں گے۔ اپنی نیشنل سکیورٹی ٹیم کے انتخاب کے لئے ٹرمپ نے سابق وزیر خارجہ 93 سالہ ہنری کسنجر سے مشورہ لیا ہے۔ کسنجر سابق امریکی صدور رچرڈ نکسن اور جیرالڈ فورڈ کے قومی مشیر سلامتی بھی رہے ہیں۔ نیویارک میں کسنجر سے ملاقات کے بعد ٹرمپ نے کہا میں کسنجر کا بڑا احترام کرتا ہوں اور انہوں نے جن خیالات کا تبادلہ کیا اس کو سراہتا ہوں۔ ٹرمپ کی کابینہ میں بھارتی نژاد خاتون رہنما نکی ہیلے کے وزیر خارجہ بننے کے امکانات بڑھ گئے ہیں۔ بھارتی پنجاب سے ہجرت کرکے جانے والے سکھ والدین کے ہاں پیدا ہونے والی جنوبی کیرولینا کی پہلی خاتون گورنر منتخب ہوئی تھیں۔ عیسائیت قبول کرنے سے قبل ان کا نام نمرتا رندھاوا تھا۔ بھارتی نژاد لوزیانا کے سابق گورنر بوبی جنڈال کا نام بھی ٹرمپ کی مجوزہ کابینہ میں لیا جا رہا ہے۔ ریٹائر جنرل مائیکل فلن کو مشیر قومی سلامتی مقرر کئے جانے کا بھی امکان ہے۔ متنازعہ مائیکل فلن کو اوباما انتظامیہ نے ڈائریکٹر ڈیفنس انٹیلی جنس سے ہٹا دیا تھا۔ ٹرمپ نے ریٹائرڈ جنرل مائیکل فلن کو مشیر قومی سلامتی امور مقرر کرنے پر غور کیا ہے۔ متنازعہ شخصیت مائیکل فلن انتخابی مہم میں تنازعات کے باوجود ڈونلڈ ٹرمپ کے ساتھ رہے۔ دوسری طرف این بی سی ٹی وی نے کہا ہے کہ ٹرمپ 2012 میں صدر اوباما کے مقابلے میں صدارتی الیکشن لڑنے والے مٹ رومنی کو بھی وزیر خارجہ بنانے پر غور کر رہے ہیں
ٹرمپ ٹیم
ٹرمپ آج نئی حکومتی ٹیم کا اعلان کرینگے، بھارتی نژاد خاتون نکی ہیلے یا مٹ رومنی کے وزیر خارجہ بننے کا امکان
Nov 18, 2016