بھارت سے مصالحوں کی درآمد، انڈر انوائسنگ سے خزانے کو کروڑوں کا نقصان، 6 افراد گرفتار

Nov 18, 2016

لاہور (خبر نگار) ایف آئی اے نے بھارت سے گرم مصالحے اور دیگر اشیا درآمد کرنے والی دو فرموں کے مالکان اور ان کے 4 ملازمین کو انڈر انوائسنگ کے ذریعے کروڑوں روپے کا نقصان پہنچانے کے الزام میں گرفتار کر لیا ۔ ملزم یہ جرم کسٹمز افسروں، کوارنٹائن پلانٹ پروڈکشن ڈیپارٹمنٹ کے افسروں کی ملی بھگت سے کر رہے تھے۔ جمیل خان میو نے بتایا کہ آسٹریلیا بلڈنگ کے قریب پاک افغان کسٹمز کلیرنگ ایجنٹ کے دفتر پر چھاپہ مارا تو وہاں جعلی بھارتی مہریں برآمد ہوئیں۔ دو بھارتی فرموں شیوا جی دتہ اور جے کشور کمپنی کے سینکڑوں انوائس پیپر بھی ملے۔ ایف آئی اے حکام نے پاک افغان کسٹمز ایجنٹ کے دفتر سے فرم کے مالک طلعت محمود بٹ اور اس کے ملازمین محمد مرتضیٰ (امپورٹ منیجر) اور مینجر محمد اکرم کو گرفتار کر لیا۔ دوسرا چھاپہ قریب ہی عمران یوسف کلیرنگ ایجنٹ درآمد و برآمد کنندگان کے دفتر پر بھی مارا گیا اور وہاں سے بھی جعلی بھارتی اور پاکستانی سرکاری محکموں کی مہریں برآمد ہوئیں۔ جس پر فرم کے مالک عمران یوسف اس کے منیجر محمد صدیق کو گرفتار کر لیا گیا۔

مزیدخبریں