لاہور +اسلام آباد (خصوصی رپورٹر +نوائے وقت رپورٹ) وزیراعظم شاہدخاقان عباسی کی زیر صدارت سی پیک سے متعلق کابینہ کمیٹی کااجلاس ہوا ہے۔ اجلاس میں سی پیک کے مختلف تربیتی منصوبوں کا جائزہ لیا گیا۔ دریں اثنامسلم لیگ (ن) کے مرکزی سینئر رہنما و سینیٹر چوہدری جعفر اقبال اور ممبر یورپین پارلیمنٹ سجاد حیدر کریم نے وزیر اعظم ہائوس اسلام آباد میں وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی سے ملاقات کی۔جس میں اہم ملکی ، سیاسی صورتحال سمیت ارض پاک کو درپیش چیلنجز جیسے اہم امور زیر غور آئے۔وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ مسلم لیگ(ن) کی اوّلین ترجیحات پارلیمنٹ کو مضبوط کرنا، جمہوری روایات کو برقراراور پاکستا ن کے استحکام کو وسعت دیناہے۔ انہوں نے کہا دہشت گردی کا سب سے زیادہ نقصان پاکستان کو ہوا ہے اور دہشت گردی کا قلع قمع کرنے کیلئے ہماری افواج کے ساتھ ساتھ دیگر اداروں کی قربانیاں اقوام عالم کے سامنے ہیں، پاکستان سے ڈومور کا مطالبہ جائز نہیں، پاکستان خطے میں امن و امان کے حوالے سے پر عزم ہے، پاکستان تمام ممالک سے بہتر، مضبوط اور موثر خصوصاً ہمسایہ ممالک کے ساتھ برابری کی سطح پر تعلقات استوار کرنا چاہتا ہے۔ممبر یورپین پارلیمنٹ سجاد حیدر کریم نے کہا کہ پاکستان نہ صرف پر امن ملک ہے بلکہ اس میں بسنے والے عوام بھی امن اور محبت کے داعی ہیں، دہشت گردی اور انتہاپسندی کے خاتمے کیلئے پاک فوج کے ساتھ ساتھ قانون نافذ کرنیوالے اداروں اور عوام کی قربانیاں بے مثال ہیں۔