صاف دیہات پروگرام شروع کرنے کا فیصلہ ‘ منفی سیاست کرنیوالوں کا مستقبل تاریک ہے: شہباز شریف

لاہور (خصوصی رپورٹر) وزیراعلیٰ شہباز شریف نے کہا ہے کہ جھوٹ اور بے بنیاد الزامات کی سیاست کرنے والوں کو ہوش کے ناخن لینے چاہئیں‘ ترقی کے پہیے کو روکنا کیا عوام کی خدمت ہے؟ عوام کی خدمت سے یکسر عاری عناصر کو ملک کی ترقی ایک آنکھ نہیں بھاتی‘ سیاسی شعبدہ بازوں نے عوام کی خدمت کی بجائے قوم کا وقت برباد کیا ہے‘ الزامات اور منفی سیاست کرنے والوں کا سیاسی مستقبل تاریک ہے۔ 2018ء کے انتخابات میں عوام منفی سیاست کرنے والوں کو مسترد کر دیں گے‘ ہم نے ہمیشہ عوام کی خدمت کو عبادت کا درجہ دیا ہے۔ پاکستان ہمارا ہے اور ہم سب نے مل کر اسے سنوارنا ہے۔ شہبازشریف نے ان خیالات کا اظہار ارکان قومی اسمبلی سے گفتگو میں کیا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ عوام بے بنیاد الزامات اور جھوٹ کی سیاست نہیں بلکہ ترقی اور خوشحالی چاہتے ہیں۔ اپنے صوبے میں بدترین کارکردگی دکھانے والے صرف دشنام طرازی کی سیاست کر رہے ہیں۔ جھوٹ کے منصوعی سہارے کے ذریعے باشعور عوام کو گمراہ نہیں کیا جاسکتا۔ اس لئے ہر موقع پر جھوٹ بولنے والوں کو ندامت کا سامنا کرنا پڑا ہے جبکہ سچ اور حق ہر قدم پر سرخرو ہوا ہے‘ ملک کی ترقی اور عوام کی خوشحالی کی قیمت پر تماشا لگانے کی کوشش کرنے والے سیاسی عناصر قوم پر رحم کریں۔ عوام کی خدمت ہمارا مشن ہے اسے ہر حال میں پورا کریں گے‘ مخالفین جو مرضی کہتے رہیں ہم عوامی خدمت کے مشن سے پیچھے نہیں ہٹیں گے۔ بے بنیاد الزامات لگانے والے پہلے اپنے کرپشن آلودہ گریبان میں جھانکیں‘ باشعور عوام جان چکے ہیں کہ شکست خوردہ عناصر کے الزامات جھوٹ کا پلندہ ہیں۔ ایک سیاسی جماعت کے سربراہ کی تمام تر سیاست دشنام طرازی اور جھوٹ پر مبنی ہے اور یہ پاکستان میں انتشار، جھوٹ اور منافقت کی سیاست کے بانی ہیں‘ باشعور عوام ملک کو آگے بڑھنے سے روکنے والوں کو اپنے عزائم میں کسی صورت کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔ علاوہ ازیں شہبازشریف کی زیرصدارت اجلاس میں صوبے میں’’خادم پنجاب صاف دیہات پروگرام‘‘ شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ شہباز شریف نے کہا ہے کہ ’’خادم پنجاب صاف دیہات پروگرام ‘‘گائوں میں صفائی کے نظام کو بہتر بنانے کے حوالے سے ایک سنگ میل ثابت ہوگا‘ بلدیاتی اداروں کے ذریعے اس پروگرام پر عملدرآمد کرایا جائے گا‘ دیہات صاف ہونے سے بیماریوں سے نجات ملے گی اور دیہی زندگی میں بہتری آئے گی‘ گائوں کی سطح پر صفائی کا موثر نظام متعارف کرایا جائے گا‘ شہروں کی طرح گائوں کو بھی صاف ستھرا بنانا ہماری ذمہ داری ہے۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ کوڑا کرکٹ موثر انداز میں تلف کرنے کے لئے جامع طریقہ کار اپنایا جائے‘ پروگرام پر عملدرآمد کے حوالے سے باقاعدہ تھرڈ پارٹی آڈٹ لازمی ہوگا۔ دسمبر کے آخر تک دیہات میں ایک بار صفائی کے عمل کو مکمل کیا جائے۔

ای پیپر دی نیشن

آج کی شخصیت۔۔۔۔ جبار مرزا 

جب آپ کبھی کسی کے لیے بہت کچھ کہنا چاہ رہے ہوتے ہیں لفظ کہیں بھاگ جاتے ہیں ہمیں کوئی ایسے الفظ ملتے ہی نہیں جو اس شخصیت پر کہہ ...