لاہور (این این آئی)وزیراعظم ٹاسک فورس کے کوآرڈی نیٹر شبیر احمد راجپوت نے وزیر اعظم سے قومی کھیل ہاکی کی تباہی کا نوٹس لینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ تمام عہدیداروںکوفارغ کر کے فوری ایڈ ہاک لگایا جائے۔ ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ نہ صرف سابقہ بلکہ موجودہ عہدیدار بھی قومی کھیل ہاکی کو تباہی کے دہانے پر پہنچانے کے منصوبے پر عمل پیرا ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ہاکی کے کھیل کو فروغ دینے پر فنڈز خرچ کرنے کی بجائے کرپشن کی جارہی ہے۔ جس کو پاکستان جونیئر ہاکی ٹیم کا کوچ لگایا گیا ہے جہاں ٹورنامنٹ ہوتے ہیں اس کا ڈائریکٹر بھی لگادیا جاتا ہے جس سے آسانی سے کرپشن کی جاتی ہے۔ آج ہمارے یہ صورتحال ہے کی چار ملکی ہاکی ٹورنامنٹ میں کمزور حریف ٹیموںنے بھی پاکستان کے خلاف 9داغ دئیے لیکن فیڈریشن کی طرف سے کسی طرح کا رد عمل سامنے نہیں آیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ہاکی فیڈریشن میں دوستوں کو کوچ اور مینجر کی ذمہ داریاں سونپی جارہی ہیں جس سے ہمارا قومی کھیل تباہی کے دہانے پر پہنچ چکا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پیٹرن چیف وزیراعظم سے اپیل ہے کہ فیڈریشن سے استعفیٰ لیاجائے اور ایڈہاک لگایا جائے۔