کراچی (اسپورٹس رپورٹر) کراچی یونائیٹڈ یوتھ فٹبال لیگ کے گروپ ’اے‘ میں 6میچز کھیلے گئے۔کے یو اسٹیڈیم کلفٹن پر انڈر12میں کراچی یونائیٹڈ یوتھ کلفٹن اکیڈمی نے ماریپور اکیڈمی کو 2-0کی ضرب لگائی۔ ریحان نے دوسرے ہی منٹ میں کے یو وائی سی کو پہلے برتری دلائی اور 15ویں منٹ میں ریحان نے اپنی ٹیم کی برتری کو 2-0سے مستحکم کردیا۔ انڈر14میں ماریپوراکیڈمی کا پلہ بھاری رہا اور 2-0سے کے یو وائی سی کو شکست دینے میں کامیاب رہے۔ احمد نے فاتح ٹیم کیلئے 13ویں اور 25ویں منٹ میں ایک بار گیند کو جال میں ڈالا۔انڈر16میں ماریپور اکیڈمی نے کے یو وائی سی کے ساتھ کوئی رعایت نہ کی اور 8-0کی ہزیمت سے دوچار کیا۔ 9ویں منٹ میں اون گول سے گول اسکورنگ کا آغاز ہوا اور پھر یہ سلسلہ مزید دراز ہوتا گیا۔ 12ویں ،22ویں اور 50ویں منٹ میں خالد نے درست نشانے لگا کر اپنی ہیٹ ٹرک مکمل کی جبکہ 17ویں اور39ویں منٹ میں مبارک نے 2بار گیند کو جال کے سپرد کیا۔لیاری جنرل اسٹیڈیم پر انڈر12میں لیاری جنرل اکیڈمی اور لیاری ککری اکیڈمی کے میچ کا کوئی نتیجہ برامد نہ ہوا اور فائنل وسل پر دونوں ٹیمیں 0-0کی برابری کے ساتھ میدان سے باہر آئیں۔انڈر14میں بھی دونوں ٹیمیں مقررہ وقت میں برتری حاصل نہ کرسکیں۔ اس بار دونوں جانب سے ایک ایک گول اسکور کیا۔ گیا۔انڈر16میں لیاری ککری اکیڈمی حریف لیاری جنرل اکیڈمی پر بزی لے گئی اور 2-1کی فیصلہ کن کامیابی انہیں حاصل ہوئی۔ پوائنٹس ٹیبل پر انڈر12میں لیاری جنرل اکیڈمی کی پہلی اور لیاری ککری اکیڈمی کی دوسری پوزیشن ہے۔ دونوں ٹیموں نے 11,11پوائنٹس بنائے ہیں تاہم گول اوسط پر لیاری جنرل اکیڈمی کو سبقت حاصل ہے ۔ انڈر14میں لیاری ککری اکیڈمی 13پوائنٹس کے ساتھ پہلی جبکہ شیریں جناح اکیڈمی 7پوائنٹس کے ہمراہ دوسری پوزیشن لئے ہوئے ہے۔لیاری جنرل اکیڈمی کی چوتھے نمبر پر ہے انہوں نے 5پوائنٹس بنائے ہیں۔انڈر16میں لیاری ککری 12پوائنٹس کے ساتھ پہلی پوزیشن پر براجمان ہے ۔