اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی) الیکشن کمیشن نے حلقہ بندیوں کے حوالے سے اہم اجلاس کے لئے چاروں صوبائی چیف سیکرٹریز کو الیکشن کمیشن بلانے کا فیصلہ اور7دسمبر کو قومی ووٹر ڈے کے طور پرمنانے کاا علان کر دیا، قومی ووٹر ڈے کی مرکزی تقریب ایوان صدر میں ہوگی، جس کے مہمان خصوصی صدر مملکت ہوں گے،جبکہ تقریبا9 لاکھ پولنگ عملے کی تربیت کا مرحلہ وار پروگرام نومبر کے آخر میں شروع کیا جائے گا ۔جمعہ کو الیکشن کمیشن میں پلاننگ کمیٹی کا اجلاس سیکرٹری الیکشن کمیشن بابر یعقوب فتح محمد صدارت کی صدارت میں ہوا۔جس میں چاروں صوبائی الیکشن کمشنرز بھی شریک ہو ئے ۔اجلاس میں 7 دسمبر کو قومی ووٹر دن کے طور پر شایان شان طریقے سے منانے کا فیصلہ کیا گیا جس کی مرکزی تقریب ایوان صدر میں ہوگی جبکہ صدر مملکت مہمان خصوصی ہوں گے۔تقریب سے چیف الیکشن کمشنرسردار محمد رضا بھی خطاب کریں گے ۔تقریب میں مختلف گورنمنٹ اداروں کے 700 افسران شریک ہوں گے۔قومی ووٹر دن کے مو قع پر صوبائی سطح پر چاروں گورنرزہاوسز میں بھی تقریبات منعقد ہوں گی۔ قومی ووٹر دن کے حوالے سے ڈویژن اور ضلعی سطح پر ووٹر اگاہی واک ہوں گی۔ اجلاس میں سیکرٹری الیکشن کمیشن نے چاروں صوبائی الیکشن کمشنرز کو ہدایت کی کہ 7 دسمبر کو قومی ووٹر ووٹر دن کو کامیاب بنانے کے لئے بھرپور انتظامات کئے جائیں، اجلاس میں بتایا گیا کہ دسمبر میں ملک کے تمام اضلاع اور فاٹا میں کمپیوٹرائزڈ ووٹر لسٹوں کی ڈیٹا فیڈنگ کا نظام مکمل ہو جائے گا جبکہ بلوچستان میں یہ کام مکمل کر لیا گیا،جس سے ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر کے ضلعی دفاتر میں نئے ووٹرز کا اندراج آسانی سے ہوگا، اجلاس میں تقریبا 9 لاکھ پولنگ عملے کی تربیت کا مرحلہ وار پروگرام نومبر کے آخر میں شروع کرنے کا اعلان بھی کیا گیا پہلے مرحلے میں الیکشن کمیشن کے 85 لیڈ ٹرینرز کی ٹریننگ ہوگی جبکہ دوسرے مرحلے میں 3000 ماسٹرز ٹرینرز کی ٹریننگ ہوگی ،تیسرے مرحلے میں تمام پولنگ عملے کی تربیت ہو گی ، پولنگ عملے کی ٹریننگ کے تمام مرحلوں کو مئی 2018 میں مکمل کیا جائے گا۔ خواتین ووٹرز کے اندراج کے لئے خصوصی مہم ملک کے 79 اضلاع میں شروع کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا اس مہم میں ان79 اضلاع میں نادرا اور سول سوسائٹی کے تعاون سے پہلے شناختی کارڈ کے حصول کے لئے اقدامات کئے جائیں گے،دوسرے مرحلے میں ان خواتین کو ووٹر لسٹوں میں درج کیا جائے گا،دسمبر سے یہ مہم شروع ہوگی۔
نیشنل ووٹر دے 7دسمبر کو منانے کا اعلان، ایوان صدر میںمرکزی تقریب ہوگی
Nov 18, 2017