اسلام آباد (نا مہ نگار) الیکشن کمشن آف پاکستان نے 7 دسمبر کو قومی ووٹر ڈے شایان شان طریقے سے منانے کا فیصلہ کیا ہے، ووٹر ڈے کی مرکزی تقریب ایوان صدر میں ہوگی جس کے مہمان خصوصی صدر مملکت ممنون ہوں گے جبکہ چیف الیکشن کمشنر جسٹس (ر) سردار محمد رضا بھی تقریب سے خطاب کریں گے، صوبائی سطح پر چاروں گورنر ہائوسز میں تقریبات منعقد کی جائیں گی جن کے مہمان خصوصی متعلقہ صوبے کے گورنر ہوں گے۔ الیکشن کمشن کی پلاننگ کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا جس کی صدارت سیکرٹری الیکشن کمشن بابر یعقوب فتح نے کی۔ اجلاس میں چاروں صوبائی الیکشن کمشنرز نے شرکت کی۔ ڈویژنل اور ضلعی سطح پر ووٹر آگاہی واک بھی ہوگی جس میں میڈیا، سول سوسائٹی، خواتین تنظیمیں اور عوام شریک ہوں گے۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ اضلاع کی سطح پر انتخابی فہرستوں کے کمپیوٹرائزڈ اندراج کے لئے کام تیزی سے جاری ہے۔ بلوچستان میں یہ کام مکمل کرلیا گیا ہے۔ دسمبر میں ملک کے تمام اضلاع اور فاٹا میں کمپیوٹرائزڈ انتخابی فہرستوں کی ڈیٹا فیڈنگ کا نظام مکمل ہو جائے گا۔
الیکشن کمشن پولنگ عملے کی تربیت، خواتین ووٹرز کے اندراج کیلئے خصوصی مہم چلائے گا
Nov 18, 2017