الیکشن کمشن پولنگ عملے کی تر بیت، خواتین ووٹرز کے اندراج کیلئے خصوصی مہم چلائے گا

Nov 18, 2017

اسلام آباد (نا مہ نگار) الیکشن کمشن آف پاکستان نے 7 دسمبر کو قومی ووٹر ڈے شایان شان طریقے سے منانے کا فیصلہ کیا ہے، ووٹر ڈے کی مرکزی تقریب ایوان صدر میں ہوگی جس کے مہمان خصوصی صدر مملکت ممنون ہوں گے جبکہ چیف الیکشن کمشنر جسٹس (ر) سردار محمد رضا بھی تقریب سے خطاب کریں گے، صوبائی سطح پر چاروں گورنر ہائوسز میں تقریبات منعقد کی جائیں گی جن کے مہمان خصوصی متعلقہ صوبے کے گورنر ہوں گے۔ الیکشن کمشن کی پلاننگ کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا جس کی صدارت سیکرٹری الیکشن کمشن بابر یعقوب فتح نے کی۔ اجلاس میں چاروں صوبائی الیکشن کمشنرز نے شرکت کی۔ ڈویژنل اور ضلعی سطح پر ووٹر آگاہی واک بھی ہوگی جس میں میڈیا، سول سوسائٹی، خواتین تنظیمیں اور عوام شریک ہوں گے۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ اضلاع کی سطح پر انتخابی فہرستوں کے کمپیوٹرائزڈ اندراج کے لئے کام تیزی سے جاری ہے۔ بلوچستان میں یہ کام مکمل کرلیا گیا ہے۔ دسمبر میں ملک کے تمام اضلاع اور فاٹا میں کمپیوٹرائزڈ انتخابی فہرستوں کی ڈیٹا فیڈنگ کا نظام مکمل ہو جائے گا جس سے ضلعی الیکشن کمشنر کے ضلعی دفاتر میں نئے ووٹرز کا اندراج آسانی سے ہوگا۔ اس سے عوام کو سہولت مل جائے گی۔ پہلے یہ نادرا کے ضلعی دفاتر میں سہولت تھی، اب ووٹر اندراج جلد ہوگا۔ اجلاس کے دوران نومبر کے آخر میں 7 لاکھ پولنگ عملے کی تربیت کا مرحلہ وار پروگرام شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ پہلے مرحلے میں الیکشن کمشن کے لیڈ ٹرینرز کی ٹریننگ ہوگی۔ دوسرے مرحلے میں 2500 ماسٹر ٹرینرز کی تربیت ہوگی جبکہ تیسرے مرحلے میں تمام پولنگ عملے کی تربیت ہوگی۔ پولنگ عملے کی ٹریننگ کے تمام مرحلوں کو مئی 2018ء میں مکمل کیا جائے گا۔ اجلاس کے دوران فیصلہ کیا گیا کہ حلقہ بندیوں پر اہم اجلاس اور اس کے انتظامات کے لئے چاروں صوبائی چیف سیکرٹریز کو الیکشن کمشن میں بلایا جائے گا۔ اس کے علاوہ خواتین ووٹرز کے اندراج کے لئے ملک کے 79 اضلاع میں خصوصی مہم شروع کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔ 2018ء انتخابات سے پہلے تمام خواتین کو انتخابی فہرستوں میں بطور ووٹر اندراج یقینی بنایا جائے گا۔ خواتین اور مردوں کے فرق کو ختم کیا جائے گا۔ نادرا کی موبائل وینز کو ان تمام اضلاع میں بھیجا جائے گا جہاں خواتین کا تناسب مرد ووٹروں کے مقابلے میں کم ہے۔

مزیدخبریں