کوئٹہ، مستونگ (بیورو رپورٹ) کوئٹہ کے علاقے زرغون روڈ پر فائرنگ سے سابق ڈی آئی جی نعیم کاکڑ جاں بحق ہوگئے۔پولیس کے مطابق ہفتہ کی رات کوئٹہ کے علاقے جونیئر اسسٹنٹ کالونی میں نامعلوم مسلح موٹر سائیکل سواروں نے فائرنگ کرکے نعیم کاکڑ کو شہید کردیا اور فرار ہوگئے۔ ڈی آئی جی عبدالرزاق چیمہ کا کہنا ہے کہ سابق پولیس افسر نعیم کاکڑ کو تشویشناک حالت میں سی ایم ایچ منتقل کیاگیا تھا لیکن وہ جانبر نہ ہوسکے۔ایدھی ذرائع کے مطابق واقعہ پشین بس سٹاپ کے قریب پیش آیا۔ پولیس افسر کی نعش سی ایم ایچ ہسپتال منتقل کردی گئی ہے۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور ایف سی کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی۔ دریں اثنا وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے فائرنگ کے نتیجے میں ریٹائرڈ ڈی آئی جی نعیم کاکڑ کے جاں بحق ہونے پر دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے واقعہ کی رپورٹ طلب کرلی ہے۔ انہوں نے آئی جی پولیس کو قاتلوں کی جلد گرفتاری یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے سوگوار خاندان سے تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کے درجات بلند کرے اور یہ صدمہ صبر و ہمت سے برداشت کرنے کا حوصلہ عطا کرے۔ دریں اثناءضلع مستونگ کے علاقے دشت میں ایک سڑک کے کنارے نصب بم برآمد ہوا ۔لیویز کے مطابق دشت کے علاقے اسپلنجی میں بم سڑک کے کنارے نصب کیا گیا تھا جسے بم ڈ سپوزل سکواڈکی ٹیم کی مدد سے ناکارہ بنا دیا گیا ۔
کوئٹہ/ ایس پی قتل
کوئٹہ کے علاقے زرغون روڈ پر فائرنگ سے سابق ڈی آئی جی نعیم کاکڑ جاں بحق
Nov 18, 2018