اسلام آباد(آن لائن) ملک بھر میں 5 برسوں کے دوران 26 صحافیوں کو قتل کیا گیا تاہم کسی ایک قاتل کو بھی سزا نہیں دی گئی۔اس بات کا انکشاف ’’فریڈم نیٹ‘‘ کی جانب سے جاری ایک رپورٹ میں کیا گیا۔رپورٹ کے مطابق 2013ء سے 2018ء کے درمیان ملک بھر میں 26 صحافیوں کو قتل کیا گیا اور اس حوالے سے پنجاب سب سے خطرناک جگہ ثابت ہوا جہاں فرائض منصبی نبھاتے ہوئے 8 صحافیوں کو قتل کردیا گیا۔اسی طرح خیبر پی کے میں 7 جبکہ سندھ اور بلوچستان میں 5، 5 صحافی قتل ہوئے۔ رپورٹ میں قاتلوں کی جانب روشنی ڈالی گئی جس میں پراسرار، بے نام اور نامعلوم کردار شامل ہیں۔رپورٹ کے مطابق قاتلوں کا ایک گروپ غیر ریاستی عناصر جیسے عسکریت پسند اور کالعدم گروہوں پر مشتمل ہے جبکہ کچھ قتل کو سیاسی جماعتوں اور مذہبی گروہوں سے منسوب کیا گیا۔ساتھ ہی یہ بھی کہا گیا کہ مقتول صحافیوں کو انصاف دلانے کی ذمہ داری پوری کرنے میں ریاست ناکام رہی۔