باغ( صباح نیوز) آزاد جموں وکشمیر کے صدر سردار مسعود خان نے کہا ہے کہ آزادکشمیر شرح خواندگی میں 85%کا ہدف حاصل کر کے پاکستان کے تمام صوبوں اور علاقوں سے آگے نکل گیا ہے اور وہ وقت دور نہیں جب ریاست سو فیصد تعلیم کا ہدف حاصل کر کے اس خطہ میں ایک نمایاں مقام حاصل کر لے گی۔ ہماری بچیاں تعلیم میں بچوں سے بھی آگے ہیں جو ہمارے لئے ایک اعزاز اور روشن مستقبل کی علامت ہے۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے خواتین یونیورسٹی باغ کے دوسرے سالانہ جلسہ عطائے اسناد (کانوکیشن) سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ صدر آزاد کشمیر نے جامعہ سے فارغ التحصیل ہونے والی چار سو سے زائد طالبات کو اسناد اور نمایاں اعزاز حاصل کرنے والی طالبات کو طلائی تمغے دینے کے بعد ان سے مخاطب ہو کر کہا کہ آج آپ اپنی زندگی کے ایک نئے باب کا آغاز کر رہی ہیں۔