بنگلہ دیشی کرکٹ ٹیم کا دورہ پاکستان آئی سی سی کلیئرنس سے مشروط

لاہور( نمائندہ سپورٹس )چیئرمین پی سی بی احسان مانی کا کہنا ہے کہ ایمرجنگ ایشیا کپ کیلئے یو اے ای، ہانگ کانگ اور بنگلہ دیش کی ٹیمیں کراچی میں کھیلیں گی۔ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی ) کے جنرل اجلاس کے بعد نو منتخب صدر ناظم الحسن اور نائب صدر کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین پی سی بی نے قوم کو خوشخبری سنائی۔ انہوں نے کہا کہ ایمرجنگ ایشیا کپ کے میچز کراچی اور کولمبو میں ہوں گے۔ یو اے ای، ہانگ کانگ اور بنگلہ دیش کی ٹیمیں کراچی میں کھیلیں گی۔بھارت کے ساتھ پاکستان کی سیریز کے حوالے سے بات کرتے ہوئے احسان مانی نے کہا کہ بھارتی بورڈ سے اچھے تعلقات ہیں لیکن کھیل اور سیاست کو الگ الگ رکھنے کی ضرورت ہے، بھارت میں عام انتخابات کے بعد ہی کرکٹ بورڈ سے مذاکرات ہوسکتے ہیں۔بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کے صدر اور ایشین کرکٹ کونسل کے صدر منتخب ہونے والے ناظم الحسن نے پاکستان ٹیم بھجوانے کی خواہش کا اظہار کردیا۔بنگلہ دیشی کرکٹ بورڈ کے صدر ناظم الحسن گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مسئلہ سیاسی نہیں سکیورٹی کا ہے، پاکستان میں سکیورٹی صورتحال بہتر ہورہی ہے۔ سکیورٹی کی وجہ سے ٹیمیں پاکستان آنے سے کتراتی ہیں۔ لیکن آہستہ آہستہ ٹیموں کی آمد راہیں کھول رہی ہے۔ پاکستان میں سکیورٹی کے حالات میں بہتری آئی ہے، ہم نے ویمن ٹیم بھیجی، اب ایمرجنگ ٹیم بھی بھیج رہے ہیں۔ اگر آئی سی سی نے سکیورٹی کے حوالے سے ہری جھنڈی دکھائی تو بنگلہ دیشی ٹیم بھی آسکتی ہے، چاہتے ہیں کہ پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی مکمل بحالی جلد ہو۔ احسان مانی کا کہنا تھا کہ ایمرجنگ کپ کیلئے تین ٹیمیں کراچی آئیں گی۔ اے سی سی ایمرجنگ کپ کا پہلا مرحلہ چار سے نو دسمبر تک کراچی میں ہوگا۔ بنگلادیش، ہانگ کانگ اور یواے ای کی ٹیمیں شرکت کریں گی۔احسان مانی نے ایک بار پھر کہا کہ جب تک بھارت میں حکومت تبدیلی نہیں ہوتی سیریز مشکل ہے۔پاکستان اور دوسرے میں سری لنکا میں میچز ہونگے۔ احسان مانی کا کہنا تھا کہ اجلاس میں بھارت کا نمائندہ بھی شرکت کرنا چاہتا تھا لیکن حکومتی مسائل آڑے آگئے، بھارت میں عام انتخابات کے بعد دوطرفہ سیریز کی بات کریں گے۔

ای پیپر دی نیشن