کراچی گبول ٹان میں تولیہ فیکٹری میں لگنے والی آگ پر قابو نہ پایا جاسکا، آگ نے ساتھ والی عمارت کو بھی لپیٹ میں لے لیا، فائر بریگیڈ کی 10 گاڑیاں ریسکیو آپریشن میں مصروف ہیں، آتشزدگی سے کروڑوں کا سامان جل کر راکھ ہو گیا۔کراچی میں ایک اور بڑی آگ، گبول ٹائون میں تولیہ فیکٹری جل گئی۔ نیو کراچی صنعتی ایریا میں اچانک آگ بھڑک اٹھی۔ دیکھتے ہی دیکھتے آگ نے شدت اختیار کر لی اور پوری فیکٹری کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ شعلے ہر طرف پھیل گئے۔ دھویں کے سیاہ بادل دور دور تک دکھائی دیئے۔واقعے کے بعد فائربریگیڈ کی دس گاڑیاں
آپریشن کیلئے پہنچیں اور آگ پر قابو پانے کی کوشش کی، فائر فائٹرز نے پہلے فیکٹری کے داخلی اور خارجی راستوں پر لگی آگ کو بجھایا، سنارکل سے بھی مدد لی گئی، شدید نوعیت کی آگ نے ساتھ والی فیکٹری کے ایک حصے کو بھی اپنی لپیٹ میں لیا۔ریسکیو آپریشن کے دوران عمارت کا ملبہ گرنے سے فائر فائٹرز سمیت 2 افراد زخمی ہوئے، زخمیوں کو طبی امداد کیلئے ہسپتال منتقل کیا گیا، آگ لگنے سے فیکٹری میں موجود کروڑوں روپے کا کپڑا اور تولیے پر مشتمل تیار مال جل کر راکھ ہو گیا۔فائر آفیسر امتیاز احمد نے بتایا کہ آگ لگنے کی وجہ معلوم نہ ہوسکی،انہوںنے بتایا کہ فیکٹری کی عمارت مخدوش ہے، جس کی وجہ سے آگ بجھانے میں مشکلات پیش آئیں۔