قانونی ٹیم نواز شریف سے متعلق عدالتی فیصلے کا جائزہ لے : عمران

Nov 18, 2019

اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی) وزیراعظم عمران خان نے اپنی قانونی ٹیم کو نواز شریف سے متعلق لاہور ہائی کورٹ کے تفصیلی فیصلے کا جائزہ لینے کی ہدایت کی ہے۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے حکومتی قانونی ٹیم سے رابطہ قائم کیا ہے، نواز شریف سے متعلق لاہور ہائی کورٹ کے تفصیلی فیصلے کا جائزہ لے کر کابینہ میں رپورٹ پیش کی جائے گی۔ دریں اثناء وزیراعظم عمران خان نے چھٹی کا دن پرانے دوستوں کے ساتھ بنی گالہ میں گزارا۔ دوستوں سے گفتگو کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ نیا ڈومیسٹک نظام حقیقی ٹیلنٹ اوپر لائے گا، تاہم دیگر شعبوں کی طرح کرکٹ میں بھی نئے نظام کو مزاحمت کا سامنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب تک ہماری فرسٹ کلاس کرکٹ معیاری نہیں ہوگی ہم کرکٹ میں پیچھے رہ جائیں گے۔ وزیراعظم کھیلوں کی بہتری کے لئے پرامید ہیں، انہوں نے کہا کہ ں مصباح الحق کی تعیناتی ایک مثبت اقدام ہے۔ مصباح الحق محنتی اور ایماندار سپورٹس مین ہے۔ مصباح میں سلیکشن اور کوچنگ کی صلاحیتیں موجود ہیں۔ عمران خان نے کہا کہ سرفراز احمد اچھا کھلاڑی ہے، ڈومیسٹک کرکٹ میں محنت کر کے واپس آئے۔ سرفراز اچھا کرکٹر ہے کم بیک کر سکتا ہے، سرفراز ڈومیسٹک کرکٹ پرتوجہ دیں اور پرفارم کر کے واپس آئیں۔ وزیراعظم عمران خان نے قریبی دوستوں سے گپ شپ کے دوران سیاست کے ساتھ کرکٹ کے معاملات پر تبادلہ خیال کیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ ڈومیسٹک کرکٹ میں بہتری سے ہی کرکٹ بہتر ہو سکتی ہے اورنئے ڈومیسٹک سے ہی اچھے کرکٹرز پیدا ہوں گے۔ وزیراعظم نے کہا کہ کھلاڑیوں کی پرفارمنس کا اندازہ ٹی 20سے نہیں ہوتا بلکہ کھلاڑیوں کی پرفارمنس کا اندازہ ون ڈے اورٹیسٹ سے ہوتا ہے، مصباح الحق ون ڈے اورٹیسٹ کرکٹ کیلئے بہترثابت ہوں گے، مصباح الحق میں کھلاڑیوں کی کارکردگی بہتربنا نے کا ٹیلنٹ ہے۔وزیراعظم عمران خان آج حویلیاں مانسہرہ موٹر وے کا افتتاح کریں گے۔ حکام وزارت مواصلات کے مطابق افتتاحی تقریب آج سہ پہر 3 بجے حویلیاں انٹر چینج پر ہو گی۔

مزیدخبریں