لاہور (سپورٹس رپورٹر)آسٹریلیا کیخلاف پہلے ٹیسٹ کیلئے قومی کرکٹ ٹیم پرتھ سے برسبین پہنچ گئی۔پاکستان اور آسٹریلیا کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کا پہلا ٹیسٹ 21 نومبر سے برسبین میں شروع ہوگا۔قومی ٹیم کے کھلاڑی آج پیر کو گابا اسٹیڈیم میں پریکٹس سیشن کریں گے۔پاکستان کرکٹ ٹیم اس وقت دورہ آسٹریلیا پر ہے جہاں قومی ٹیم آئی سی سی چیمپئن ٹرافی کے سلسلے میں 2ٹیسٹ میچز کی سیریز میں ایکشن میں دکھائی دے گی۔ترجمان پاکستان کرکٹ بورڈکے مطابق قومی کرکٹ ٹیم پرتھ سے برسبین پہنچ گئی۔قومی ٹیم کے کھلاڑی آج گابا سٹیڈیم میں پریکٹس سیشن کریں گے جبکہ پاکستانی ٹیم کل منگل کو بھی مختلف پریکٹس سیشن کرے گی۔ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان آسٹریلیا ٹیسٹ سیریز ٹرافی کی رونمائی 20نومبر کو گابا سٹیڈیم میں ہوگی جبکہ پاکستان آسٹریلیا ٹیسٹ سیریز کا پہلا میچ 21نومبر کو شیڈول ہے۔ پاکستانی ٹیم اظہر علی کی قیادت میں میدان میں اترے گی جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں اسد شفیق، بابر اعظم، عابد علی، حارث سہیل، افتخار احمد، امام الحق، عمران خان، کاشف بھٹی، محمد عباس، محمد رضوان، محمد موسی، نسیم شاہ، شاہین آفریدی، شان مسعود اور یاسر شاہ شامل ہیں۔ٹیسٹ سیریز سے قبل کھیلے گئے دو ٹور میچز میں پاکستانی بلے بازوں کی کارکردگی انتہائی شاندار رہی،سینئر بلے باز اسد شفیق نے دونوں وارم اپ میچز میں سنچریاں بنائیں، بابر اعظم نے پہلے میچ میں 157رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی، افتخار احمد اور شان مسعود نے بھی اچھی بیٹنگ کا مظاہرہ کیا۔ آسٹریلوی ٹیم کی قیادت کے فرائض ٹم پین انجام دیں گے جبکہ دیگر نمایاں کھلاڑیوں میں سٹیو سمتھ، ڈیوڈ وارنر، مچل سٹارک، نیتھن لائن، پیٹ کمنز اور جوش ہیزلووڈ شامل ہیں۔ دونوں ٹیموں کے مابین دوسرا اور آخری ٹیسٹ 29نومبر سے 3دسمبر تک ایڈیلیڈ میں کھیلا جائے گا۔ قبل ازیں پاکستان اور آسٹریلیا کے مابین3ٹی ٹونٹی میچز کی سیریز بھی کھیلی گئی تھی جس میں میزبان ٹیم نے 2-0سے کامیابی حاصل کی تھی جبکہ پہلا میچ بارش کی نذر ہو گیا تھا۔
قومی کرکٹ ٹیم برسبین پہنچ گئی، پریکٹس سیشن آج سے شروع
Nov 18, 2019