بھارت کے غیر قانونی قبضے والاکشمیر کولگام شوپیاں میں فوج کا محاصرہ تلاشی آپریشن سماجی تنظیموں کا آج احتجاج کا اعلان

Nov 18, 2020

نئی دلی(این این آئی)بھارتی دارلحکومت نئی دلی میں پولیس نے دو کشمیری نوجوانوںکو گرفتار کرلیا ہے ۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق نوجوانوںکو دلی پولیس کے اسپیشل سیل نے پیر کی شب کو گرفتار کیا۔ ادھر بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموںوکشمیر میں بھارتی فوجیوںنے کولگام اور شوپیان کے اضلاع میں تلاشی اور محاصرے کی کارروائیاں جاری رکھیں۔ اس سے قبل دونوں اضلاع میں دو بھارتی پولیس اسٹیشنوں پر حملہ کیاگیا تھا۔ فوجیوںنے شوپیاں قصبے میں بھی تلاشی کی کارروائی کی ۔ فوجیوںنے قصبے کے علاقے امر گڑھ کے تمام داخلی اور خارجی مقامات ناکہ بندی کر کے گھر گھر تلاشی کی کارروائی شروع کی ۔بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموںوکشمیرمیںپیپلز ڈیموکریٹک پارٹی کی سربراہ اور سابق کٹھ پتلی وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے بھارتی قابض انتظامیہ کی طرف سے نئے اراضی قوانین کی آڑ میں جموںو کشمیر کے گجر اور بکروال طبقے کی املاک تباہ کئے جانے کی شدید مذمت کی ہے۔ محبوبہ مفتی نے جنوبی کشمیر کے علاقے لدر پہلگام کے دورے کے دوران ایک عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ اس اقدام کا واحد مقصد گجر اور بکروال طبقے کو نشانہ بنانا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی حکومت مقبوضہ علاقے میں گجر اور بکروال طبقے سے وابستہ لوگوں کے گھروںکو مسمار کر کے جنگلات کی اراضی کو اپنے ا ن سرمایہ کار دوستوں کو دینا چاہتی ہے جو اس کی مالی مدد کرتے ہیں۔5اگست2019جب بھارت نے جموںوکشمیر کی خصوصی حیثیت منسوخ کردی تھی کا حوالہ دیتے ہوئے کہاکہ یہ ایک واقعہ نہیں تھا،بلکہ جموں وکشمیر کے عوام کو بے اختیار اور بے دخل کرنے کے عمل کا آغاز تھا۔بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموںوکشمیرمیںمتعدد سیاسی اور سماجی تنظیموں نے مقبوضہ علاقے میں مودی کی فسطائی بھارتی حکومت کی طرف سے  نئے اراضی اور ڈومیسائل قوانین نافذ کرنے کی مذمت کیلئے کل (بدھ کو )جموں میں بھارت مخالف احتجاجی مارچ کا اعلان کیا ہے ۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق بھارت مخالف احتجاجی مارچ کا اعلان جموں میں جموں و کشمیریونائٹڈ پیس موومنٹ کے زیر اہتمام منعقدہ ایک اجلاس میں کیاگیا ۔ اجلاس میں جموں کی سیاسی اور سماجی تنظیموں کے سینئر قائدین نے شرکت کی۔

مزیدخبریں