لاہور‘ چنیوٹ (نوائے وقت رپورٹ‘ نامہ نگار‘ نمائندہ خصوصی) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ پوری دنیا نے دیکھا کہ پاکستان نے سب سے زیادہ کرونا ایس اوپیز پر عمل کیا حالانکہ کہا گیا تھا کہ پاکستانی عوام کرونا ایس او پیز پر عمل نہیں کریں گے۔ جوہر ٹائون میں پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف فیشن ڈیزائننگ کی تقریب سے خطاب میں صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ فیشن ڈیزائن اور آرکیٹکچر مجھے آج بھی پسند ہے۔ 1970ء میں ماسٹر کرنے کیلئے مشی گن گیا تھا۔ 1970ء میں سوٹ کیس کا بنایا گیا اشتہار مجھے 50 سال بعد بھی یاد ہے۔ پاکستان انسٹیٹیوٹ آف فیشن ڈیزائن، ڈیزائننگ میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔ عارف علوی نے کہا کہ یورپ میں ہر چیز کا معیار ہے۔ ہم نے آم کی ایکسپورٹ بڑھانے کا فیصلہ کیا۔ آم برآمد کرنے والے افراد سے بات کی تو ان کے مسائل کا پتہ چلا۔ بتایا گیا جو آم برآمد کرنے ہیں ان کا سائز، رنگ ایک جیسا ہونا چاہیے۔ ایکسپورٹرز نے بتایا بیرون ملک بھیجے جانے والے آم کا معیار بلند کرنا پڑے گا۔ دوسرے ممالک میں وہ آم پسند کیے جاتے ہیں جو زیادہ میٹھے نہ ہوں۔ صدر مملکت نے مزید کہا دنیا میں ماسک نہ پہننے پر ہزاروں کے جرمانے کیے گئے، پاکستان میں بغیر جرمانوں کے ہی لوگوں نے ماسک پہنے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی امدادی کاموں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینے والی قوم ہے۔ لاہور میں بہت سے مخیرحضرات اپنی جیب سے فلاحی کام کر رہے ہیں۔ دریں اثناء صدر مملکت نے چنیوٹ میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی قوم انتہائی درد دل رکھنے والی قوم ہے جو ہر مشکل میں مسلمان بھائیوں کے لیے سب سے آگے ہوتی ہے۔ 2005ء میں زلزلہ، سیلاب اور دیگر آفات میں ان کی خدمات پوری دنیا کے سامنے ہیں۔ 35لاکھ افغانوں کو ہم نے پناہ دی۔ ہمیں ہیومن رائٹس کی نصیحتیں کرنیوالے ممالک ایسے حالات میں اپنوں کے لیے ہی دروازے بند کرلیتے ہیں۔ دیواریں کھڑی کرلی جاتیں ہیں لیکن پاکستانی قوم ایسے مواقع پر اپنے مسلمانوں بھائیوں کی خدمت میں سب سے آگے ہوتی ہے۔ صدر نے کہا کہ کرونا کی دوسری لہر انتہائی خطرنا ک اور تشویش ناک ہے۔ اس میں حفاظتی اقدامات کی ضرورت ہے۔ اس لیے حفاظتی تدابیر لازمی اپنائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ چنیوٹ شیخ برادری کا ملکی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کا کردار ہے ہر مشکل میں یہ حکومت کے ساتھ کھڑے ہوتے ہیں فلاحی کاموں میں ان کا کردار کسی سے ڈھکا چھپا نہیں ہے۔ صدر مملکت کا کہنا تھا کہ لاہور سے چنیوٹ بذریعہ روڈ آنا چاہتا تھا لیکن عوام کو تنگی نہ ہو اس لیے ہیلی کاپٹر کا استعمال کیا۔ لاہور اور فیصل آباد روڈ کی ازسرنو تعمیر کے لیے وزیراعلی کے ذریعے خصوصی فنڈز منظور کراؤں گا۔ صدر عارف علوی انجمن اسلامیہ چنیوٹ شیخ برادری پاکستان کی دعوت پر چنیوٹ آئے تھے اور انہوں نے صدر چنیوٹ ویلفئیر کمپلیکس کی افتتاحی تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ اس موقع پر صدر مملکت نے جھنگ روڈ پر نجی سکول اور نجی آنکھوں کے ہسپتال کا افتتاح بھی کیا۔ تقریب میں ایس ایم منیر، قیصر احمد شیخ، میاں صداقت سمیت پاکستان کے بہترین کاروباری شخصیات نے شرکت کی۔ ویلفئیر کمپلیکس کی افتتاحی تقریب میں صدر مملکت ڈاکٹر عارف حسین علوی نے کہا کہ نبی کریم صلی اللّٰہ علیہ وآلہ وسلم کی تعلیمات ہمارے لئے مشعل راہ ہیں۔ نبی اکرم صلی اللّٰہ علیہ وآلہ وسلم کی ذات مبارک میں ہمارے لئے اسوہ حسنہ ہے۔ وزیراعظم کی قیادت میں ملک مشکل حالات سے نکل رہا ہے۔ چنیوٹ کے روڈز کو ون وے کرنے کے لئے وزیراعلیٰ سے خصوصی بات کروں گا۔ فلاحی کاموں میں چنیوٹ کی شیخ برادری کی خدمات قابل تحسین ہیں۔