موٹروے  زیادتی ،اسلحہ برآمد ،عابد ملہی کا  15 روزہ جوڈیشل ریمانڈ

لاہور، فیروز والا (نوائے وقت رپورٹ+ نامہ نگار) انسداد دہشت گردی کی عدالت نے موٹروے زیادتی کیس کے مرکزی ملزم عابد ملہی کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا۔ لاہور کی انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت میں موٹروے زیادتی کیس کی سماعت ایڈمن جج ارشد حسین بھٹہ نے کی۔ دوران سماعت ملزم عابد ملہی کو 15 روزہ جسمانی ریمانڈ ختم ہونے پر سخت سکیورٹی حصار میں عدالت میں پیش کیا گیا۔ تفتیشی افسر نے عدالت کو بتایا کہ ملزم سے پستول برآمد کر لیا گیا ہے اور تفتیش بھی مکمل ہو چکی ہے۔ تفتیشی افسرکے بیان پر عدالت نے ملزم کو جیل بھجوانے کے احکامات جاری کر دیئے۔ فیروز والہ سے نامہ نگار کے مطابق انویسٹی گیشن پولیس لاہور کے انسپکٹر ذوالفقار علی چیمہ نے سیالکوٹ موٹر وے پر خاتون سے زیادتی اور ڈکیتی کرنے والے مرکزی ملزم عابد علی ملہی کی نشاندہی پر تحصیل فیروز والہ کے علاقہ قلعہ ستار شاہ میں اس کے گھر سے واردات میں استعمال ہونے والا اسلحہ برآمد کر لیا اور فیکٹری ایریا پولیس نے ملزم عابد علی ملہی کے خلاف ناجائز اسلحہ رکھنے کے الزام میں مقدمہ بھی درج کر لیا۔

ای پیپر دی نیشن