پاکستان نے بھارت ،دنیا کے سکھوں کیلئے کرتارپورراہداری کھولی،شاہ محمود

اسلام آباد(سٹاف رپورٹر) تحمل وبرداشت کے عالمی دن کو منانے کے لئے عصر حاضر میں تحمل وبرداشت کے عنوان سے دفتر خارجہ میں تقریب منعقد ہوئی۔ وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی تقریب کے مہمان خصوصی تھے جس میں پارلیمانی سیکریٹری برائے خارجہ امور عندلیب عباس، اقوام متحدہ کے اعلی نمائندوں، سفارتی برادری اور اعلی حکومتی شخصیات نے شرکت کی۔  وزیرخارجہ نے اجتماعیت، پرامن بقائے باہمی اور مختلف مذاہب، عقائد، اقدار اور ثقافتوں کے لئے احترام کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے کہاکہ پاکستانی معاشرہ روایتی طورپر تحمل وبرداشت کا حامل ہے جو ہزارسال قدیم تہذیب کے ارتقاسے وجود میں آیا ہے اور قیمتی ورثہ کا امین ہے۔ وزیر خارجہ نے کرتارپور راہداری کھولنے کے تاریخی اقدام کا حوالہ دیتے ہوئے کہاکہ پاکستان نے بھارت اور دنیا بھر کے سکھوں کے لئے ان کے سب سے بڑے اور مقدس ترین مقام کے دروازے کھولے۔ وزیر خارجہ نے دنیا بھر میں بڑھتے ہوئے اسلاموفوبیا اور عدم برداشت کے مسئلے سے نمٹنے پر زور دیا۔  پارلیمانی سیکریٹری خارجہ امور عندلیب عباس نے وزیراعظم عمران خان کے دنیا بھر میں دانستہ عدم برداشت پھیلانے، تشدد ونفرت پر اکسانے کو جرم قرار دینے اور اسلاموفوبیا سے نمٹنے کے لئے عالمی دن منانے کے مطالبے کو دوہرایا۔ انہوں نے افسوس کا اظہار کیا کہ بھارت میں ہندتوا کے زیراثر آر۔ایس۔ایس، بی۔جے۔پی حکومت اسلاموفوبیا کو ادارہ جاتی سطح پر اور ریاستی پالیسی کے طورپر استعمال کررہی ہے۔ اس کا بدترین اظہار غیرقانونی طورپر بھارت کے زیرقبضہ جموں وکشمیرمیں دیکھنے میں آرہا ہے جہاں کشمیریوں کے بنیادی انسانی حقوق کی سنگین ترین پامالی جاری ہے۔ پارلیمانی سیکریٹری نے تمام مذاہب کے لوگوں کے درمیان برداشت اور باہمی ہم آہنگی کے فروغ کی ضرورت پر زور دیا۔  مذاکرے میں ڈاکٹر قبلہ ایاز، بشپ ہمفری سرفراز پیٹر، جناب کرشن شرما اور جناب ترنجیت سنگھ نے بالترتیب پاکستان کی مسلم، مسیحی، ہندو اور سکھ برادریوں کی نمائندگی کی اور بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ پر زور دیا۔ انہوںنے زور دیا کہ پاکستان میں اقلیتوں کو شہری کے بنیادی مساوی حقوق میسر ہیں اور وہ تمام شعبہ ہائے زندگی میں فعال کردار ادا کررہے ہیں۔  پروفیسرآف سائیکیٹری ڈاکٹر مودت رانا، بیرونس سعیدہ وارثی اور اسلامی سکالر اور ماہر بشریات اکبر ایس احمد کے وڈیو پیغامات بھی مذاکرے میں نشر کئے گئے۔ شرکاکو اقوام متحدہ اور دیگر کثیرالقومی اداروں میں عدم برداشت کی روک تھام اور بین المذاہب اور ثقافتی ہم آہنگی کے فروغ کے لئے پاکستان کی کوششوں سے آگاہ کیاگیا۔ تحمل وبرداشت کا عالمی دن ہر سال 16 نومبر کو منایا جاتا ہے جس کا مقصد دنیا میں احترام، ایک دوسرے کو قبول کرنے، دنیا کی مختلف ثقافتوں کو سراہنے، اظہار کے مختلف انداز اور انسان ہونے کی قدروںکو فروغ دینا ہے ۔ 

ای پیپر دی نیشن