راولپنڈی (نمائندہ خصوصی) گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا ہے کہ سی پیک منصوبے کی تکمیل سے بلوچستان معاشی اور تجارتی سرگرمیوں کا مرکز بنے گا۔ حکومت تاجربرادری کو ہر ممکن سہولیات فراہم کر رہی ہے۔ سی پیک کے فوائد صرف کسی شہر یا صوبے تک محدود نہیں بلکہ اس کا دائرہ کارپورے خطے میں پھیلا ہوا ہے۔ راولپنڈی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے زیر اہتمام سی پیک سنٹرل ایشیا ء کے موضوع پر گوادر میں بزنس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات میں اس اہم موضوع پر کانفرنس کے انعقاد پر میں آر سی سی آئی کی پوری ٹیم کو اس کی کوششوں اور وابستگی اور علاقائی تجارت کے فروغ کے حوا لے سے پاکستان کے وزیر اعظم عمران خان کے وژن کے مطابق کام کرنے پر مبارکباد دیتا ہوں۔ دنیا بھر کے ملک کرونا سے شدید متاثر ہوئے ہیں اسی طرح پورا ملک کرونا وبا کے اثرات کے باعث شدید معاشی چیلجز کا شکار ہے ۔ایس او پیز پر عمل کر کے ہی اس پر قابو پایا جا سکتا ہے۔پاکستان میں کاروبار کے لیے حالات سازگار ہیں ۔ اس موقع پر راولپنڈی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر ناصر مرزا نے اپنے خطبہ استقبالیہ میں کہا کہ کانفرنس کا مقصد سی پیک پر پیش رفت، گوادر میں سرمایاکاری کے فروغ اور سی پیک کے ذریعے وسطی ایشیائی ممالک کے ساتھ تجارت کے فروغ اورکاروباری مواقع تلاش کرنا ہے اور تاجربرادری کو موقع پر وزٹ کرانا تاکہ وہ اپنی آنکھوں سے ترقیاتی کام پر پیش رفت دیکھ سکیں اور انہیں زیادہ سے زیادہ معلومات فراہم ہو سکیں۔پاکستان چین کے ساتھ تجارتی تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے۔ سی پیک منصوبوں کے تحت خصوصی اقتصادی زونز کی تکمیل سے یہ تعلقات مزید مستحکم ہوں گے۔ کانفرنس میں ازبکستان، تاجکستان، کرغستان، قازخستان کے سفیروں ، گوادر دیویلپمنٹ اتھارٹی، گوادر پورٹ اتھارٹی ، چائینہ بزنس سنٹر کے نمائندوں ، ڈائریکٹر کمرشل پی آئی اے، ڈی سی گوادر، بلوچستان چیمبر آف کامرس کے صدر نوید بلوچ، سمیت اعلیٰ کاروباری و صنعتی شخصیات نے شرکت کی۔
حکومت تاجروںکو ہر ممکن سہولیات کی فراہمی کیلئے کوشاں ہے، گورنر پنجاب
Nov 18, 2020