لاہور (نیوز رپورٹر) پاکستان مسلم لیگ (ن) کی جانب سے رانا مشہود کی سربراہی میں بنائی گئی عوامی رابطہ کمیٹی نے 13دسمبر کو لاہور میں ہونے والے پی ڈی ایم کے جلسے کی تیاریوں کے سلسلہ میں منگل کے روز این اے 128 سے رکن قومی اسمبلی شیخ روحیل اصغر کی فیکٹری میں کارنر میٹنگ منعقد کی گئی، جس میں سینکڑوں لوگوں نے شرکت کی۔ اس موقع پر سینیٹر نزہت صادق، رکن قومی اسمبلی شیخ روحیل اصغر، سید توصیف شاہ، ارکان پنجاب اسمبلی ملک وحید، میاں نصیر، سمیرا کومل، ملک غلام حبیب اعوان، عمران گورایہ، ماجد ظہور اور لاہور کے ایڈیشنل سیکرٹری اطلاعات عامر خان سمیت دیگر بھی موجود تھے۔ کارنر میٹنگ سے عوامی رابطہ کمیٹی کے کنوینر ورکن پنجاب اسمبلی رانا مشہود نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) نے ہمیشہ پاکستان کی سربلندی، استحکام اور عوام کی بہتری کے لئے کام کیا جبکہ نااہل اور نالائق حکمرانوں نے پاکستان کو عالمی سطح پر تنہا کر دیا ہے۔ پاکستان کے دیرینہ مخلص اور مشکل وقت کے ساتھی دوست ملک سعودی عرب بھی پچھے ہٹ گیا ہے۔ لاہور نہیں بلکہ پورا پاکستان میاں نواز شریف کے شیروں کا ہے۔ 13دسمبر کو اس کا عملی مظاہرہ کیا جائے گا اور انشاء اللہ سلیکٹڈ اور نالائق نیازی کو چلتا کریں گے۔ عمران صاحب آپ سیاسی مخالفین کو بے شک نہ چھوڑیں لیکن اپوزیشن عوام کی جان آپ سے چھڑوا کے رہے گی۔ آج پنجاب کو ترقی دینے والا عوام کا خادم شہباز شریف پابند سلاسل ہے ۔ رکن قومی اسمبلی شیخ روحیل اصغر نے کہا کہ آٹا چینی چوروں نے شہباز شریف کو جیل میں بند کرکے پنجاب کی ترقی اور خوشحالی چھین لی ہے۔ شہباز شریف کو ناحق گرفتار کر کے ووٹ چور سلیکٹڈ عوام کا آٹا چینی بجلی گیس اور ترقی چوری کر رہے ہیں۔ آٹا چینی چوروں نے شہباز شریف کو گرفتار کر کے تمام منصوبے بند کردئیے۔ رکن اسمبلی سہیل شوکت بٹ کے ڈیرے پر بھی کارنر میٹنگ کا انعقاد کیا گیا جس سے (ن) لیگی رہنماؤں نے خطاب کیا۔
13 دسمبرکو لاہور میں پی ڈی ایم کے جلسے کی تیاریاں‘ عوامی رابطہ کمیٹی کی کارنر میٹنگ
Nov 18, 2020