اسلام آباد(نا مہ نگار)احتساب عدالت کے جج محمد اعظم خان نے سابق صدر آصف علی ذرداری وغیرہ کے خلاف میگا منی لانڈرنگ کیس کی سماعت 19نومبر تک ملتوی کردی۔منگل کے روز سماعت کے دوران نیب پراسیکیوٹر وسیم جاوید ، گواہ نعیم خان اور وکلاء صفائی عدالت پیش ہوئے، اس موقع پر آصف زرداری اور فریال تالپور کی عدالتی حاضری سے ایک روز کی استشنی کیلئے درخواست دی گئی جسے عدالت نے منظورکرلیا، عدالت نے کہاکہ سپریم کورٹ نے اس کیس میں ڈائریکشن دے رکھی ہے، ہم سے سپریم کورٹ نے رپورٹ بھی مانگ لی ہے، نیب پراسیکیوٹروسیم جاویدنے کہاکہ ہم ہر سماعت پر کارروائی کو آگے بڑھانے کی کوشش کرتے ہیں،ٹرائل کے عمل کو تیز کیا جائے، وکلاء صفائی نے کہاکہ سپریم کورٹ میں حسین لوائی اور طحہ رضا کی ضمانت پر احتساب عدالت کو ڈائریکشن دی ہے،اس کیس میں ابھی تک گواہ کابیان ہی قلمبند نہیں ہوا ، جرح کیسے کرینگے، ملزمان کے وکلاء نے کہاکہ ملزمان کے وکلا کو کورونا بھی ہو گیا ہے،جس پر فاضل جج محمد اعظم خان نے کہاکہ اگر کورونا کو دیکھے گے تو ٹرائل آگے کیسے بڑھے گا،ہم نے سپریم کورٹ میں رپورٹ بھی پیش کرنی ہے،اگر وکیل کو کورونا ہو گیا ہے تو اسکا معاون عدالت میں پیش ہو جائے، سابق صدرکے معاون وکیل نے کہا کہ اگر کورونا زدہ وکیل نہ آئے تو ٹرائل کیسے آگے بڑھے گا؟،عدالت نے کہاکہ کورونا کی وجہ سے گواہان کے بیان قلمبمند ہونے سے نہیں روکا جا سکتا،ارشد تبریزاپنا جونیئر وکیل مقرر کریں کہ ان کی غیر موجودگی میں بھی گواہ کا بیان ریکارڈ کیا جا سکے، عدالت نے سماعت19نومبر تک کیلئے ملتوی کردی۔