لاہور‘ راولپنڈی (اے پی پی+ نمائندہ خصوصی) گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا ہے کہ انتشار اور فساد کے اپوزیشن کے بیانیہ کو عوام نے گلگت میں مسترد کر دیا ہے۔ اپوزیشن گلگت بلتستان میں احتجاج کی دھمکیاں دینے کی بجائے انتخابی نتائج کو تسلیم کرے کیونکہ عوام نے حکومت کے حق میں اور مخالفین کے خلاف اپنا فیصلہ دیدیا ہے۔ وہ گورنر ہائوس لاہور میں صوبائی وزیر انرجی ڈاکٹر اختر ملک اور وفود سے ملاقات کے دوران گفتگو کر رہے تھے۔ گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا گلگت بلتستان کے عوام نے تحر یک انصاف کے حق میں فیصلہ دیدیا ہے جو اپوزیشن سے ہضم نہیں ہو رہا۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ اپوزیشن ذاتی اور سیاسی نہیں قومی مفادارت کو سامنے رکھتے ہوئے سیاست کر ے۔ ملک اس وقت کسی قسم کی محاذ آرائی اور عدم استحکام کا متحمل نہیں ہو سکتا۔ انہوں نے کہا کہ کرونا بحران کے دوران حکومت بزنس کیمونٹی کیساتھ کھڑی رہی ہے اور اب بھی ملک میں سرمایہ کاروں کو مکمل سپورٹ کیا جارہا ہے۔ ملک دشمنوں کیخلاف پورے ملک میں اتحاد یکجہتی کی ضرورت ہے۔ دریں اثناء راولپنڈی سے اے پی پی کے مطابق گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا ہے کہ سی پیک منصوبے کی تکمیل سے بلوچستان معاشی اور تجارتی سرگرمیوں کا مرکز بنے گا۔ حکومت تاجربرادری کو ہر ممکن سہولیات فراہم کر رہی ہے۔ راولپنڈی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے زیر اہتمام سی پیک سنٹرل ایشیاء کے موضوع پر گوادر میں بزنس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا پاکستان میں کاروبار کے لیے حالات سازگار ہیں۔ اس موقع پر راولپنڈی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر ناصر مرزا نے اپنے خطبہ استقبالیہ میں کہا کہ کانفرنس کا مقصد سی پیک پر پیش رفت، گوادر میں سرمایاکاری کے فروغ اور سی پیک کے ذریعے وسطی ایشیائی ممالک کے ساتھ تجارت کے فروغ اورکاروباری مواقع تلاش کرنا ہے۔ کانفرنس میں ازبکستان، تاجکستان، کرغستان، قازقستان کے سفیروں، گوادر دیویلپمنٹ اتھارٹی، گوادر پورٹ اتھارٹی ، چائینہ بزنس سنٹر کے نمائندوں ، ڈائریکٹر کمرشل پی آئی اے، ڈی سی گوادر، بلوچستان چیمبر آف کامرس کے صدر نوید بلوچ، سمیت اعلیٰ کاروباری و صنعتی شخصیات نے شرکت کی۔