ملتان (نمائندہ نوائے وقت) ایس او پیز کی خلاف ورزی اور معاملہ کو دبانے کے باعث ملتان کے سکول کمپری ہینسو میں کرونا کیسز کی تعداد بڑھ گئی‘ گزشتہ روز زبانی احکامات کے تحت سی او سکولز نے سکول کو بند کرنے کے احکامات بھی دے دیئے ہیں۔ مختلف ٹیچرز کے بعد پرنسپل کا بھی کرونا ٹیسٹ مثبت آنے پر کارروائی عمل میں لائی گئی‘ ذرائع کا کہنا ہے کہ تاحال معاملہ کو دبایا جا رہا ہے۔ تفصیل کے مطابق ملتان شہر کے وسط میں واقع گورنمنٹ کمپری ہینسو ہائر سیکنڈری سکول جو کہ محکمہ ایجوکیشن کے ڈسٹرکٹ آفیسر سیکنڈری اور سی او سکولز کے دفاتر کے بھی عین درمیان میں موجود ہے۔ کرونا کی لپیٹ میں آ گیا ہے۔ ایک ماہ قبل سکول کے ٹیچر مظہر شاہ کر کا ٹیسٹ مثبت آ گیا جس پر معاملہ کو ڈی او سیکنڈری خواجہ مظہر نے دبا لیا۔ اس دوران انہیں میڈیکل رخصت پر گھر بھیج دیا گیا بعد ازاں وہ دوبارہ سکول آ گئے‘ اس دوران اشفاق گجر نامی ٹیچر بھی کرونا کا شکار ہو گئے۔ بعد ازاں ایک طالب علم بھی اس مرض کا شکار ہو گیا‘ اب سکول کے پرنسپل روشن بادشاہ بھی کرونا کا شکار ہو گئے ہیں جس کے بعد گزشتہ روز سی او سکولز ریاض خان نے سکول کو زبانی احکامات کے ذریعے بند کرنے کا حکم جاری کردیا ہے۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ ایکشن لینے میں تاخیر سے کرونا کا مرض تیزی سے پھیلا ہے۔ جبکہ تاحال معاملہ کو اعلیٰ حکام کی نذر سے بچانے کی غرض سے دبایا جا رہا ہے۔
انتظامی افسران کی غفلت‘ کرونا پھیل گیا‘ کمپری ہینسو سکول بند کرنیکا حکم
Nov 18, 2020