گھریلوصارفین کیلئے گیس لوڈ شیڈنگ فوری ختم کی جائے‘حافظ نعیم الرحمن

Nov 18, 2020

کراچی (نیوزرپورٹر)امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ سرد موسم کے آغاز کے ساتھ ہی گھریلو صارفین گیس لوڈ شیڈنگ کا شکار ہورہے ہیں ،گیس نہ ہونے کے باعث خواتین گھروں میں کھانا پکانے سے قاصر ہوتی ہیں جبکہ دوسری جانب وفاقی حکومت کا35روز کے لیے  سی این اجی اسٹیشن کی بندش کا اعلان عوام دشمن فیصلہ ہے ،سردیوں میں سی این جی کی بندش سے صرف عام آدمی ہی متاثر ہو گا حکومت اپنے یہ فیصلہ واپس لے 35روز کے لیے سی این جی اسٹیشن کو گیس کی فراہمی بند نہ کرے ۔انہوں نے کہاکہ صبح سویرے گیس کی لوڈ شیڈنگ اور کم پریشر کے باعث گھریلو صارفین کو شدید مشکلات کا سامنا ہے،گیس غائب ہوجانے کی وجہ سے خواتین کے لئے بچوں کو اسکول و مردوں کو کام پر بھیجنے سمیت امور خانہ داری کی انجام دہی میں مشکل پیش آرہی ہیں،گیس کی فراہمی کا کوئی شیڈول نہیں ہے اس وجہ سے معمولات زندگی بری طرح متاثر ہورہے ہیںدوسری جانب سوئی گیس کامحکمہ اور نہ ہی حکومت کوئی متبادل بندوبست کررہی ہے دوپہر اور صبح کے وقت اگر گیس دستیاب ہو بھی تو پریشر اتنا کم کہ کھانا بنانا دو بھر ہو جاتا ہے جبکہ دوسری جانب شہر کے بیشتر علاقوں میںرات کے 10 بجتے ہی گیس مکمل بند ہو جاتی ہے جو صبح 5 بجے تک بند رہتی ہے۔صورتحال اس قدر خراب ہونے کے باوجود ماہانہ گیس کے بل ہزاروں روپے وصول ہو رہے ہیں۔حافظ نعیم الرحمن نے کہاکہ گھریلوں صارفین کے لیے فوری گیس کی فراہمی کو ممکن بنایا جائے اور گیس کے بحران پر قابوپانے کے لیے پہلے سے ٹھوس اقدامات کیے جائیں۔

مزیدخبریں