کراچی (نیوز رپورٹر)مجلس وحدت مسلمین کراچی ڈویژن کے سیکریٹری جنرل علامہ محمد صادق جعفری نے کہا ہے کہ ملک تاریخ کے مشکل اور خطرناک ترین دور سے گذر رہا ہے، معاشی، توانائی و سیاسی حوالے سے بدترین بحران کا سامنا ہے، کالی بھیڑیں فرقہ وارانہ منافرت کوہوا دیکر قومی سلامتی واستحکام کو مزید نقصان پہنچانے کے در پہ ہیں۔ کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن میں شیعہ مکتب فکر کے متعلق عسکری ونگ کا لفظ استعمال کیا گیا ہے جو انتہائی نامناسب فعل اورقابل مذمت اقدام ہے۔ ہم وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ، آئی جی پولیس سندھ مشتاق مہراور دیگر اعلیٰ حکومتی وعسکری حکام سے مطالبہ کرتے ہیں ہے کہ فوری طور پر اس متعصبانہ نوٹیفکیشن کے خلاف تحقیقات کی جائے۔