اوپن مارکیٹ میں ڈالر 2.20 روپے، سونا 2850 روپے تولہ سستا

Nov 18, 2021

لاہور (نوائے وقت رپورٹ) سٹیٹ بینک آف پاکستان کے مطابق رواں ہفتے کے تیسرے کاروباری روز کے دوران انٹر بینک میں روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالر کی قیمت میں یکدم بڑی کمی ریکارڈ کی گئی۔ قدر میں 1 روپے13 پیسے کی کمی دیکھی گئی اور قیمت 174 روپے 89 پیسے سے کم ہو کر 173 روپے 76 پیسے ہو گئی ہے۔ یاد رہے کہ گزشتہ تین کاروباری روز کے دوران انٹر بینک میں امریکی ڈالر ایک روپیہ 97 پیسے سستا ہو گیا۔ 12 نومبر کو امریکی ڈالر کی قیمت 175.73 روپے کی بلند ترین سطح پر پہنچا گئی تھی۔ دوسری طرف اوپن مارکیٹ میں امریکی ڈالر 2 روپے 20 پیسے سستا ہو گیا اور قیمت 174 روپے 80 پیسے ہو گئی ہے۔ اوپن مارکیٹ میں گزشتہ تین کاروباری روز کے دوران امریکی کرنسی 3 روپے 20 پیسے سستی ہوئی ہے۔ 12 نومبر کو امریکی ڈالر 178 روپے کی بلند ترین سطح پر دیکھا گیا تھا۔ معاشی ماہرین کا کہنا ہے کہ سعودی عرب کی طرف سے ملنے والی اربوں ڈالرز کی امداد کی مرکزی بینک میں جلد منتقلی، مشیر خزانہ شوکت ترین کی طرف سے دی گئی آئی ایم ایف کے ساتھ ممکنہ معاہدے کی کامیابی کی اطلاعات، بیرون ملک پاکستانیوں کی طرف سے ریکارڈ ترسیلات زر کا موصول ہونا اور آئندہ چند روز میں مانیٹری پالیسی میں متوقع طور پر شرح سود میں کمی کی اطلاعات کے باعث مثبت خبریں امریکی ڈالر کی گراوٹ میں کردار ادا کر رہی ہیں۔ دوسری جانب ملکی صرافہ مارکیٹوں میں سونے کی فی تولہ قیمت میں 2 ہزار 850 روپے کی غیرمعمولی کمی ہوئی۔ بین الاقوامی بلین مارکیٹ میں  سونے کی فی اونس قیمت میں 12 ڈالر کی کمی ہوئی، اورعالمی مارکیٹ میں سونے کی فی اونس قیمت 1862 ڈالر ہوگئی۔ فی تولہ سونے کی قیمت گھٹ کر 1 لاکھ 22 ہزار روپے ہوگئی، جب کہ دس گرام سونے کی قیمت کمی کے بعد 1 لاکھ 4 ہزار 595 روپے ہوگئی۔

مزیدخبریں