اسلام آباد (خبر نگار) اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے سپیکر قومی اسمبلی کو ایک اور خط میں کہا ہے کہ بطور اپوزیشن لیڈر میں نے بلز پر اتفاق رائے کیلئے جامع تجاویز دیں، بدقسمتی سے آپ نے ان تجاویز کا احترام نہیں کیا، آپ کا جواب نہ دینا شکوک وشبہات کو جنم دیتا ہے اور آپ کے ارادوں کو ظاہر کرتا ہے، آپ کے جانب دارانہ رویے نے آپ پر ہمارا اعتماد ختم کردیا ہے، اپنی پوزیشن واضح کریں۔ مختصر نوٹس پر مشترکہ اجلاس کیوں بلایا گیا، انتخابی قوانین سے متعلق قانون سازی ماضی میں کبھی اس طرح یکطرفہ طور پر نہیں کی گئی۔ بدھ کو پارلیمنٹ میں متحدہ اپوزیشن کے مشترکہ وفد نے سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر سے ملاقات کی جس میں متحدہ اپوزیشن نے سپیکر قومی اسمبلی کو قائد حزب اختلاف شہباز شریف کا خط پہنچایا۔ اپوزیشن وفد میں شیری رحمن، سید خورشید شاہ، سردار ایاز صادق، اعظم نذیر تارڑ، شاہد اختر علی، خواجہ سعد رفیق، مریم اورنگزیب شامل تھیں۔ خط کے متن میں اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے لکھا کہ میں آپ کے پہلے خط کے مندرجات سے متفق تھا کہ قومی اہمیت کے معاملات اتفاق رائے سے حل ہوں۔