اسلام آباد (رانا فرحان اسلم/ خبر نگار) پارلیمان کے مشترکہ اجلاس کے دوران شہباز شریف کا چیمبر اپوزیشن جماعتوں کے قائدین کا مسکن بنا رہا۔ مشترکہ اجلاس سے قبل بھی اپوزیشن کی اتحادی جماعتوں کے قائدین مشاورت کیلئے اپوزیشن لیڈر کے چیمبر میں موجود رہے اور مشترکہ اجلاس کے بائیکاٹ کے بعد اپوزیشن لیڈر میاں شہباز شریف اسمبلی ہال سے اپنے چیمبر میں واپس گئے تو بلاول بھٹو زرداری، مولانا اسعد محمود، امیر حیدرخان ہوتی، یوسف رضا گیلانی اور دیگر ارکان بھی اپوزیشن لیڈر کے چیمبر میں پہنچ گئے۔ مشترکہ اجلاس کے بائیکاٹ کے بعد متحدہ اپوزیشن کے قائدین نے اپوزیشن لیڈر کے چیمبر میں ملاقات کی۔ بعدازاں ارکان کو اسمبلی ہال میں جانے کی ہدایات کر کے شہباز شریف نے دیگر قائدین متحدہ اپوزیشن کے ہمراہ پارلیمنٹ ہاؤس کے گیٹ نمبر ایک کے باہر پریس کانفرنس کی۔
مشترکہ اجلاس کے دوران شہباز شریف کا چیمبر اپوزیشن کا مسکن رہا
Nov 18, 2021