اسلام آباد (خبرنگار خصوصی+ نوائے وقت رپورٹ) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ 6 لاکھ لوگ روزانہ پناہ گاہوں سے کھانا کھاتے ہیں۔ ان پناہ گاہوں کو مخیر حضرات کے کئی گروپس چلا رہے ہیں، حکومتی پیسہ نہیں لگ رہا۔ بدھ کو اپنے ٹویٹ میں انہوں نے کہا کہ جس طرح پناہ گاہوں کی پوری چین کو ڈیزائن کیا گیا، وزیراعظم عمران خان اور خاتون اول نے جو توجہ دی اس پر لاکھوں لوگوں کی دل سے دعائیں ان کے ساتھ ہیں۔ دریں اثناء میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا ہے کہ سمندر پار پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دینے کا بل منظور ہونے پر عوام اور اوورسیز پاکستانیوں کو مبارکباد دیتے ہیں۔ اب 90لاکھ اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹنگ کا حق مل جائے گا۔ فواد چودھری نے کہا کہ پوری کوشش کی انتخابی اصلاحات پر اپوزیشن سے اتفاق رائے ہو جائے لیکن بدقسمتی سے اپوزیشن کا رویہ منفی رہا۔ نوازشریف اینڈ کمپنی نے کرکٹ بھی اپنے امپائرز کے بغیر نہیں کھیلی۔ مارشل لا کی گود میں پرورش پانے والوں کی سیاست ہمیشہ دوسروں کے کندھوں پر رہی۔ فواد چودھری نے کہا کہ تحریک عدم اعتماد لانے کی کوشش کرنے والوں کی آج آنکھیں کھل جانی چاہئیں۔ اپوزیشن میں قیادت کا انحطاط ہے۔ تمام سیاسی بونے ہیں۔ تمام سیاسی بونے پی ڈی ایم میں جمع ہیں۔ اپوزیشن مایوسی کے عالم میں ہے۔ ان کی مایوسی میں مزید اضافہ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ آزادانہ اور شفاف انتخابات کیلئے جو ریت رکھی ہے اس سے فائدہ ہو گا، اپوزیشن نے پہلے سال زور لگایا ہمیں نہیں نکال سکے۔ اپوزیشن نے دوسرے سال بھی ہمیں نکالنے کا زور لگایا ناکام رہے، تیسرے سال بھی ہمیں نکالنے کا زور لگایا ناکام رہے۔ اپوزیشن کوصرف اتنا کہتا ہوں تھکے ہوئے پہلوانوں کا کام نہیں۔ اپوزیشن کمزور پہلوانوں پر مشتمل ہے، شکست و ریخت کا شکار ہو چکی ہے، قانون سازی کے بعد اپوزیشن کے اندر بکھرنے کا عمل تیز ہو جائے گا۔ پاکستان تحریک انصاف کی پارلیمانی پارٹی کے اجلاس کے بعد گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ تحریک انصاف کی پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں سینٹ اور قومی اسمبلی کے منتخب اراکین نے وزیراعظم کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا ہے۔ ان تمام اراکین کا شکریہ ادا کرتا ہوں جو اپنی مصروفیات ترک کر کے اجلاس میں شریک ہوئے۔ انہوں نے کہاکہ الیکٹرانک ووٹنگ مشینز اور اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دینے سے متعلق دو قوانین انتہائی اہمیت کے حامل ہیں، ان قوانین کی منظوری وزیراعظم عمران خان کی کمٹمنٹ رہی ہے، تحریک انصاف واحد جماعت ہے جو اوورسیز پاکستانیوں کا ووٹ کا حق دینا چاہتی ہے۔ وزیر اطلاعات نے کہاکہ پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں وزیراعظم نے ان اتحادیوں، سینیٹرز اور اراکین قومی اسمبلی کا شکریہ ادا کیا جو بیماری اور مجبوری کے باوجود تشریف لائے۔
90لاکھ اوور سیز پاکستانی ووٹ ڈال سکیں گے، اپوزیشن تیزی سے بکھرے گی: فواد چودھری
Nov 18, 2021