کراچی (کامر س رپورٹر) صدر عبداللہ ہارون روڈ پر قائم وکٹوریہ شاپنگ سینٹر کی پانچویں منزل پر آتشزدگی کے نتیجے میں کروڑوں روپے مالیت کے ملبوسات ، کپڑا اور دیگر سامان جل کر خاکستر ہوگیا ، آتشزدگی کے باعث پانچویں منزل پر قائم گودام اور دکانیں جل گئیں جبکہ آگ کے شعلے کھڑکیوں سے نکل کر دور سے دکھائی دے رہے تھے ، تاہم فائر بریگیڈ نے آگ کو نچلی منزل تک پہنچنے سے قبل ہی قابو کرلیا ، واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس ، رینجرز اور امدادی جماعتوں کے رضا کار موقع پر پہنچ گئے ، خوش قسمتی سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا ، ٹریفک پولیس نے مذکورہ شارع کو بند کر کے ٹریفک کو متبادل راستوں کی جانب موڑ دیا۔ تفصیلات کے مطابق صدر عبداللہ ہارون روڈ پر مدینہ شاپنگ مال اور زینب مارکیٹ کے درمیان قائم وکٹوریہ شاپنگ سینٹر کی پانچویں منزل پر بدھ کی صبح ساڑھے گیارہ بجے کے قریب آگ بھڑک اٹھی جس نے دیکھتے ہی دیکھتے شدت اختیار کرلی جبکہ آگ کے شعلے اور دھواں عمارت کی پانچویں منزل کی کھڑکیوں سے نکلتے ہوئے دور سے دکھائی دیئے ، آتشزدگی کی اطلاع پر فائر بریگیڈ کا عملہ موقع پر پہنچ گیا اس حوالے سے چیف فائر آفیسر مبین احمد کا کہنا تھا کہ آگ لگنے کی اطلاع فائر بریگیڈ کو دن 12 بجے ملی تھی جس پر فائر بریگیڈ کا عملہ فائر ٹینڈر اور اسنار کل کے ہمراہ موقع پر پہنچ گیا اور آگ پر قابو پانے کی کوششیں شروع کر دیں ، انھوں ںے بتایا کہ فائر بریگیڈ کے عملے نے اسنار کل کی مدد سے پانچویں منزل کی کھڑکیوں کے شیشے توڑ کر آگ بجھانے کا عمل شروع کیا جبکہ شاپنگ سینٹر کی اوپر منزل پر جانے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا جبکہ سیڑھیوں پر بھی سامان رکھا ہوا ملا ، انھوں نے پانی کی کمی کے حوالے سے ترید کرتے ہوئے کہا کہ واٹر بورڈ کی جانب سے واٹر ٹینکروں کی مدد سے مسلسل پانی فراہم کیا جاتا رہا ، وکٹوریہ شاپنگ سینٹر کی پانچویں منزل پر زیادہ تر دکانوں میں گودام بنے ہوئے تھے جس میں دکاندار اپنے ملبوسات رکھتے تھے جبکہ اس کے علاوہ دیگر سامان بھی رکھا ہوا تھا ، اطلاعات کے مطابق گوداموں میں بڑی تعداد میں گرم کپڑے شامل تھے جو سردیوں کی آمد سے قبل گوداموں میں فروخت کے لیے جمع کیے گئے تھے اس کے علاوہ چمڑے کی جیکٹیں ، سوئٹرز ، کپڑا اور دیگر اشیا بھی موجود تھیں تاہم خوش قسمتی سے آتشزدگی کے واقعے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا ، صدر عبداللہ ہارون روڈ پر شاپنگ سینٹر میں آتشزدگی کی اطلاع پر ٹریفک پولیس نے مذکورہ شارع کو بند کر کے ٹریفک کو متبادل راستوں کی جانب موڑ دیا جبکہ ترجمان کراچی پولیس کے مطابق کراچی پولیس چیف عمران یعقوب منہاس نے آتشزدگی کی اطلاع پر فوری طور پر ایس ایس پی ساؤتھ زبیر نواز کو فوری طور پر مذکورہ مقام پر پہنچ کر امدادی کاموں کی نگرانی کی ہدایت جاری کی ، فائر بریگیڈ کے مطابق آگ پر قابو پانے کے دوران مجموعی طور پر 12 فائر ٹینڈرز اور 2 اسنارکل نے حصہ لیا ، چیف فائر آفیسر مبین احمد نے بتایا کہ سہ پہر 4 بجے تک عملے نے جدوجہد کے بعد آگ پر قابو پالیا تھا تاہم مکمل طور پر آگ بجھانے کے لیے ابھی کولنگ کا عمل جاری اور حتمی طور پر یہ نہیں کہا جا سکتا کہ اس میں مزید کتنا وقت لگے گا کیونکہ گارمنٹس میں لگنے والی آگ دوبارہ بھی بھڑک سکتی ہے تاہم فوری طور پر آگ لگنے کی وجہ کا تعین نہیں ہوسکا جبکہ فائر بریگیڈ کے عملے نے سر توڑ کوششوں کے بعد آگ کو پانچویں منزل تک ہی محدود رکھتے ہوئے دیگر فلورز کو جلنے سے بچالیا تاہم آتشزدگی کے نتیجے میں ہونے والے نقصان کی مالیت اور وجہ کا اندازہ نہیں لگایا جا سکا تاہم دکانداروں کا کہنا ہے کہ انھیں لاکھوں روپے مالیت کا نقصان برداشت کرنا پڑا ۔
کراچی آگ