بابا گرونانک کی 552ویں سالگرہ ، سدھو سمیت معروف شخصیات آج پاکستان آئینگی

Nov 18, 2021 | 09:50

ویب ڈیسک

لاہور: سکھ مذہب کے بانی بابا گرونانک کی 552ویں سالگرہ کے موقعے پر آج نوجوت سنگھ سدھو سمیت بھارت کی مشہورومعروف شخصیات کی پاکستان آمد متوقع ہے۔
تفصیلات کے مطابق کرتارپور میں بابا گرونانک کا 552واں جنم دن سکھ برادری مذہبی جوش و جذبے سے منا رہی ہے۔ گزشتہ روز بھٹنڈہ یونیورسٹی کی چانسلر ڈاکٹر نیلم گریوال سمیت 28 سکھ یاتری گرونانک کے دربار پر حاضر ہوئے۔آج بھارتی وزیر اعلیٰ پنجاب چرن جیت سنگھ، پنجاب کانگریس کمیٹی کے صدر نوجوت سنگھ سدھو اور ڈپٹی وزیر اعلیٰ سمیت 111 سکھ یاتری کرتار پور راہداری کے ذریعے پاکستان پہنچیں گے جنہیں حکام خوش آمدید کہیں گے۔
گزشتہ برس 16 مارچ 2020 کو بھارت نے کورونا کا بہانہ بنا کر کرتارپور راہداری بند کردی تھی جس کے بعد سے بابا گرونانک کے 552ویں جنم دن کی تقریبات تک راہداری بند رہی جسے بھارتی حکومت نے سکھ برادری کے دباؤ کے باعث کھولا۔ 
خیال رہے کہ اس سے قبل بھارت کی نریندر مودی حکومت نے سکھ مذہب کے بانی بابا گرونانک کی جائے پیدائش کرتارپور راہداری نومبر سے کھولنے کا اعلان کیا جہاں بھارت کی طرف سے آمدورفت گزشتہ ڈیڑھ سال سے بند تھی۔بھارت کی حکمراں سیاسی جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے سکھ اراکینِ پارلیمان نے وزیرِ اعظم مودی سے کرتارپور راہداری کھولنے کیلئے درخواست کی۔ بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم نے آخر کار یہ درخواست قبول کر لی۔

مزیدخبریں