کراچی (کامرس رپورٹر )پاکستان اسٹاک ایکس چینج میں بدھ کوکاروبار حصص مندی کی لپیٹ میں آ گیا ،کے ایس ای100انڈیکس 300پوائنٹس گھٹ گیا جس کی وجہ سے انڈیکس 46500پوائنٹس سے کم ہو کر 46100پوائنٹس کی پست سطح پر بند ہواجبکہ مارکیٹ میں سرمایہ کاروں کے 51ارب روپے سے زائد ڈوب گئے جس کے نتیجے میں سرمائے کا مجموعی حجم 79کھرب روپے سے کم ہو کر78کھرب روپے رہ گیا ،کاروباری مندی کے سبب 70.26فیصد حصص کی قیمتیں بھی گھٹ گئیں ۔پاکستان اسٹاک مارکیٹ بدھ کو کاروبار کے آغاز کیساتھ ہی اتار چڑھائو کا شکارہو گئی ،سیاسی افق پر چھائی غیر یقینی صورتحال ،آئی ایم ایف کی جانب سے ٹیکس چھوٹ کے خاتمے اور اسٹیٹ بینک کی خود مختاری جیسے مطالبے پر سرمایہ کار تذبذب میں مبتلا رہے ،مختلف منفی قیاس آرائیوں کے سبب مارکیٹ کو سنبھلنے کا موقع بھی نہ مل سکا اور کاروبار کے اختتام پر مارکیٹ منفی زون میں بند ہوئی ۔ پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں بدھ کو کے ایس ای100انڈیکس میں348.49پوائنٹس کی کمی ریکارڈ کی گئی جس کے نتیجے میں انڈیکس46542.91پوائنٹس سے کم ہو کر46194.42پوائنٹس ہو گیا۔کاروباری مندی کے سبب مارکیٹ کے سرمائے میں51ارب24 کروڑ9لاکھ16ہزار962روپے کی کمی واقع ہوئی جس کے نتیجے میں سرمائے کا مجموعی حجم79کھرب24ارب90کروڑ61لاکھ57ہزار991روپے سے گھٹ کر78کھرب73ارب66کروڑ52لاکھ41ہزار30روپے رہ گیا ۔پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں بدھ کو مجموعی طور پر343کمپنیوں کا کاروبار ہوا جس میں سے83کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ241میں کمی اور19کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں استحکام رہا ۔
اسٹاک مارکیٹ