ملتان (نمائندہ نوائے وقت) پارلیمانی سیکرٹری اطلاعات و ثقافت ندیم قریشی نے کہا ہے کہ قومی اسمبلی اور سینیٹ کے مشترکہ اجلاس میں پی ٹی آئی نے اتحادیوں کیساتھ ملکر عوامی مفادات پر مبنی بلز بآسانی پاس کرا لئے ہیں اور اپوزیشن کی تمام تر منفی چالیں اور تدبیریں ناکام رہی ہیں۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے مشترکہ اجلاس میں بلز کی منظوری کو بڑی فتح قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ پی ٹی آئی نے پہلی مرتبہ اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دے دیا ہے اور اسطرح پی ٹی آئی اوورسیز پاکستانیوں کی ترجمان بن چکی ہے۔ محمد ندیم قریشی نے اوورسیز پاکستانیوں کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ سابقہ حکومتیں اوورسیز پاکستانیوں کے جذبات کیساتھ کھیلتی رہیں اور ان کو ووٹ کے بنیادی جمہوری حق سے محروم رکھا۔ صوبائی پارلیمانی سیکرٹری نے کہا کہ الیکٹرانک ووٹنگ مشین سے انتخابات میں دھاندلی کا راستہ ہمیشہ کیلئے روک دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اب ملک میں صاف شفاف انتخابات کا خواب حقیقت کا روپ دھار چکا ہے۔ ندیم قریشی نے مزید کہا کہ دھاندلی کا راستہ بند ہونے پر اپوزیشن سٹھیا گئی ہے اور اپوزیشن کے پاس منفی سیاست کے علاوہ کوئی ایجنڈا نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ ترقی یافتہ خوشحال اور جدید تقاضوں سے ہم آہنگ پاکستان ہماری منزل ہے۔
ندیم قریشی
اپوزیشن کی تمام تر منفی چالیں ناکام‘ دھاندلی کا راستہ روک دیا : ندیم قریشی
Nov 18, 2021