شہریوں کی جان و مال کی حفاظت کیلئے  وزیراعلیٰ پنجاب کے انقلابی اقدامات 

وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی نے پبلک سیفٹی اور عوام کو سہولتیں دینے کیلئے انقلابی فیصلہ کرتے ہوئے پولیس اور دیگر محکموں کیلئے 1200 ڈرون کیمرے خریدنے کی منظوری دے دی ہے۔ اس سلسلہ میں انہوں نے صوبائی انتظامیہ کے اجلاس میں بتایا کہ پنجاب بھر میں پبلک سیفٹی اور عوام کو سہولتیں دینے کیلئے ڈرون ٹیکنالوجی سے بھرپور استفادہ کیا جائیگا۔ انکے بقول ڈرون ٹیکنالوجی کے ذریعے پولیسنگ کے نظام کو جدید بنائیں گے اور صرف پولیس کیلئے ایک ہزار ڈرون کیمرے لئے جائیں گے۔ اسی طرح پٹرولنگ پولیس کی استعداد کار میں اضافہ کیا جائیگا۔ ڈرون ٹیکنالوجی سے یقیناً صوبے میں سٹریٹ کرائم اور دیگر جرائم پر قابو پانے میں مدد ملے گی جبکہ اس ٹیکنالوجی کے ذریعے جلسے‘ جلوسوں‘ بالخصوص محرم الحرام اور دوسرے مذہبی تہواروں کی مؤثر مانیٹرنگ بھی ممکن ہو گی۔ اس ٹیکنالوجی کے ذریعے پارکوں اور تفریحی مقامات کی مانیٹرنگ سے گزشتہ سال کے مینار پاکستان والے بداخلاقی کے واقعہ جیسے واقعات کا اعادہ بھی ممکن نہیں رہے گا۔ اس وقت صوبے میں جس تیزی کے ساتھ جرائم بالخصوص سٹریٹ کرائمز میں اضافہ ہو رہا ہے۔ انکے آگے بند باندھنے کیلئے جہاں ان جرائم کے پس پشت غربت‘ مہنگائی‘ بے روزگاری کے مسائل کے ازالہ کی ضرورت ہے وہیں جرائم پیشہ عناصر کی نقل حرکت کی مانیٹرنگ کیلئے بھی مؤثر سسٹم وضع کرنے کی ضرورت ہے تاکہ ان بدقماش عناصر کی جرائم کے ارتکاب سے پہلے ہی سرکوبی ممکن ہوسکے۔ اس کیلئے پہلے بھی پنجاب حکومت کی جانب سے ایک ویجیلنس سسٹم قائم کیا گیا تھا جس کے تحت اہم مقامات اور شاہراہوں پر سی سی ٹی وی کیمرے نصب کئے گئے تاہم ان کیمروں کی کارکردگی نہ ہونے کے برابر رہی ہے جبکہ اکثر مقامات پر نصب یہ کیمرے خراب ہوئے تو انہیں ٹھیک کرانے کی زحمت بھی کسی نے گوارا نہیں کی۔ مجوزہ نئے سسٹم سے اگر پہلے سسٹم میں موجود خرابیوں کا ازالہ ہو جائے تو شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کیلئے یہ سسٹم کارآمد ثابت ہو سکتا ہے جبکہ اس سے جرائم پیشہ عناصر اور دوسرے شہریوں کی ہی نہیں‘ پیشہ ورانہ فرائض کی انجام دہی کیلئے تعینات پولیس اہلکاروں کی بھی مانیٹرنگ ہو سکے گی۔ اس امر کو بہرصورت یقینی بنایا جانا چاہیے کہ مجوزہ سسٹم سابقہ غلطیوں سے پاک ہو اور اسے مؤثر انتظامی اتھارٹی کے ساتھ لاگو کیا جائے۔ 

ای پیپر دی نیشن