پاک فوج ہماری ریڈ لائن،قومی اسمبلی کا اظہار یکجہتی،متفیقہ قرارداد

Nov 18, 2022


 اسلام آباد(نا مہ نگار)قومی اسمبلی میں پاک فوج کی خدمات اور قربانیوں کا اعتراف کرنے اور مسلح افواج کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے یکجہتی کی قرار داد کو متفقہ طور پر منظور کرلیا گیا۔قومی اسمبلی کے اجلاس میں رکن اسمبلی احمد حسن ڈیہڑ نے پاک فوج کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرنے کیلیے قرارداد پیش کی، جس کو ایوان نے کثرت رائے سے منظور کرلیا۔قرارداد کے متن میں کہا گیا ہے کہ پاکستان کی مسلح افواج ملک کی جغرافیائی سرحدوں کی محافظ ہے، پاک فوج کے خلاف ایک سیاسی دھڑا پروپیگنڈہ کر رہا ہے، پوری قوم اپنی فوج کے ساتھ سیسہ پلائی دیوار سے زیادہ مضبوط انداز میں کھڑی ہے۔وزیر برائے ہوا بازی خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ  عمران خان کیساتھ آج جو ہو رہا ہے وہ مکافات عمل ہے، عمران خان کو توشہ خانہ تحائف کی فروخت اور دیگر بدعنوانیوں کا حساب دینا ہو گا ہم قبل ازوقت انتخابات کیوں کروائیں؟،جمعرات کو قومی اسمبلی کا اجلاس سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف کی صدارت میں ہوا،ملتان سے منتخب ہونے والے پاکستان تحریک انصاف کے منحرف رکن قومی اسمبلی احمد حسن ڈیہڑ نے قومی اسمبلی میں پاک فوج سے اظہار یکجہتی کے لیے قومی اسمبلی میں قرار داد پیش کی جسے متفقہ طور پر منظور کر لیا گیا۔قرارداد کے متن میں کہا گیا ہے کہ اسلامی جمہوریہ پاکستان اللہ کریم کی نعمت ہے، بطور پاکستانی ریاست سے وفاداری ہمارے ایمان کا حصہ ہے، بائیس کروڑ پاکستانیوں کا نمائندہ یہ ایوان ریاست پاکستان کی نظریاتی و جغرافیائی سرحدوں کا اپنے خون کے نذرانے پیش کر کے دفاع کرنے والی مسلح افواج کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتا ہے اور افسروں و جوانوں کی لازوال قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرتا ہے۔ یہ ایوان مسلح افواج کے خلاف ایک مخصوص گروپ کی طرف سے چلائی جانے والی نا مناسب، غیر اخلاقی، غیر قانونی، بے بنیاد اور انتہائی منفی مہم کی شدید الفاظ میں پرزور مذمت کرتا ہے۔ تمام پاکستانیوں کا یہ نمائندہ ایوان دو ٹوک الفاظ میں واضح کر دینا چاہتا ہے کہ پوری قوم سیسہ پلائی ہوئی دیوار سے بھی زیادہ قوت و طاقت کے ساتھ اپنی انتہائی بہادر مسلح افواج اور دیگر تمام اداروں کے ساتھ کھڑی ہے۔ یہ ایوان اپنے غیر متزلزل عزم کا اظہار کرتا ہے کہ وطن عزیز کے محافظوں اور پاکستان کے خلاف مہم میں باقاعدہ پلاننگ یا انجانے میں ہنود و یہود کے آلہ کار بنے ہوئے گمراہ ٹولہ کو راہ راست پر لانے کیلئے ریاست و حکومت فوری طور پر تمام اختیارات بروئے کار لا ئے، پاکستان کی عزت ووقار قوم کی ریڈ لائن ہے جو بھی اپنی حدود سے آگے بڑھنے اور دشمنوں کے عزائم کی تکمیل میں معاون ثابت ہونے کی راہ سے تائب نہ ہو، ایسے عناصر کو عبرت کی مثال بنادیا جانا وقت کی ضرورت ہے اور پاکستان کی محب وطن عوام اور پاکستان کے بہترین مفاد میں ہے۔ وفاقی وزیر برائے ہوا بازی و پاکستان ریلوے خواجہ سعد رفیق نے نکتہ اعتراض پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان پر ووٹ چوری پہلے ثابت ہوچکی تھی، اب توشہ خانہ اور دوسری چوریاں بھی ثابت ہورہی ہیں، ایبسلوٹیلی ناٹ سے بات اب ایبسلوٹیلی فراڈ پر چلی گئی ہے۔عمران خان دھاندلی کرکے پارلیمنٹ میں آئے لیکن ان کی حکومت کو آئینی طریقے سے ہٹایا گیا۔ یہ جلد انتخابات کی بات کرتے ہیں ابھی تو یہ بھی طے ہو نا ہے کہ ان کے پونے چار سال اسمبلی کی مدت میں شامل ہیں بھی یا نہیں۔’’رابطہ ‘‘بھی کرتے ہیں اور ’’شرماتے‘‘بھی ہیں،رابطہ بھی کیا جا تا ہے اور ’’گھونگٹ‘‘بھی نکالتے ہیں۔کتنا’’چورن بیچو گے‘‘قوم کو کتنے اور لولی پاپ دو گے،’’فتنہ عمرانیہ‘‘کی سازش کا میاب نہیں ہو نے دیں گے ،  یہ پاکستان میں آر ایس ایس کی پی ٹی آئی برینڈ ہے۔ عمران خان کی سازش کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے، عمران خان! بتائیں سیلاب متاثرین کیلئے ملنے والے 13 ارب روپے کہاں ہیں؟، عمران خان کس وجہ سے فوری انتخابات کا مطالبہ کررہے ہیں؟وفاقی وزیر خواجہ سعد رفیق نے استفسار کیا کہ عمران خان کے اقتدار کے چار سال غیرقانونی تھے، کیا وہ بھی گنتی میں شامل ہوتے ہیں یا نہیں؟۔وزیر برائے ہوا بازی خواجہ سعد رفیق نے سکھر اور ڈیرہ اسماعیل خان ایئر پورٹ کو انٹرنیشنل ہوائی اڈے کا درجہ دینے کا اعلان کرتے ہوئے کہاہے کہ سب سے زیا دہ آمدن والا ایئرپورٹ لاہور کا ہے ، مستقبل کیلئے اسلام آباد ایئرپورٹ بھی بہت سود مند ثابت ہوگا۔

مزیدخبریں