میری جان کو اب بھی خطرہ، پنڈی پہنچنے کا دن کل بتاﺅں گا:عمران

Nov 18, 2022


لاہور (نوائے وقت رپورٹ‘ این این آئی) چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے لانگ مارچ کے شرکاءسے ویڈیو لنک سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ قرضوں کا ڈیفالٹ رسک آج 80 فیصد تک پہنچ گیا۔ مطلب پاکستان اب قرض کی اقساط واپس نہیں کر سکے گا۔ اب دوسرے ممالک ہمیں قرض نہیں دیں گے۔ عمران خان نے دینہ میں خطاب کے دوران کیا انہوں نے ملک کا دیوالیہ نکال دیا۔ یہ لوگ آرمی ایکٹ بدل رہے ہیں۔ جس طرف ملک جا رہا ہے، یہ لوگ اب ملک سے بھاگیں گے۔ لاہور سے این این آئی کے مطابق عمران خان نے کہا ہے کہ تاحال میری جان کو خطرہ ہے، سائفر کے معاملے پر اپنی بات سے پیچھے ہٹنے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا، اس معاملے پر چیف جسٹس سے تحقیقات کی درخواست کی ہے، ان خیالات کا اظہار پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین نے فرانس کے میڈیا کو خصوصی انٹرویو دیتے ہوئے کیا۔ عمران خان کا کہنا تھا وزیر آباد میں مجھے پتہ ہے کیا ہوا ہے۔ جب تحقیقات ہونگی تو سچ سامنے آئے گا۔ میں جانتا ہوں تین لوگ اس حملے میں ملوث ہیں۔ عمران خان نے کہا کہ مجھے خدشہ ہے کہ میرے اوپر دوبارہ حملہ ہو سکتا ہے۔ دریں اثنا زمان پارک میں صحافیوں سے غیررسمی گفتگو کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ اسٹیبلشمنٹ سے اختلافات احتساب اور عثمان بزدار کو نہ ہٹانے پر ہوئے۔ ان کے کہنے پر عثمان بزدار کو ہٹاتے تو ہماری پنجاب حکومت گر جاتی۔ اسٹیبلشمنٹ اور ہماری حکومت خارجہ پالیسی پر ایک پیج پر تھے۔ دورہ روس سے واپسی پر اختلافات پیدا ہوئے۔ ایف آئی آر کے درج نہ ہونے پر پرویزالٰہی ذمہ دار نہیں۔ کل ہفتے کو اعلان کروں گا کہ کس دن پنڈی پہنچنا ہے۔ مزید براں عمران خان سے رہنما پی ٹی آئی جمشید اقبال چیمہ نے ملاقات کی۔ علاوہ ازیںشاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ عمران خان کل (ہفتے) کو اپنے خطاب میں اگلے لائحہ عمل سے آگاہ کریں گے۔ شاہ پور سے آئی این پی کے مطابق جنرل سیکرٹری پی ٹی آئی اسد عمر نے حقیقی آزادی مارچ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وڈیرہ شاہی نظام سے عام آدمی خوشحال نہیں ہو سکتا۔ دوسری طرف چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے حقیقی آزادی تحریک کیلئے فنڈز فراہم کرنے کی اپیل کر دی۔ عمران خان نے کہا ہے حقیقی آزادی مارچ کو ڈونیشنز کی ضرورت ہے۔

عمران

مزیدخبریں