خیر پور + دادو (این این آئی+ آئی این پی) خیرپور کے گوٹھ پیربخش جلالانی میں 15 سال کا لڑکا سیلابی پانی میں ڈوب کر جاں بحق ہوگیا۔ علاقہ مکینوں کے مطابق خیرپور کے بیشتر دیہی علاقوں میں 5 سے 6 فٹ سیلابی پانی اب بھی جمع ہے اور 3 ماہ کے دوران کئی افراد سیلابی پانی میں ڈوب کر جاں بحق ہو چکے ہیں۔ پولیس کے مطابق فیض گنج نہر سے 19 سال کے نوجوان کی لاش ملی ہے۔ گوٹھ سومرمنگریو کا رہائشی نوجوان 4 روز سے لاپتا تھا۔ سندھ کے مختلف شہروں میں سیلاب سے متاثرہ سڑکوں اور ریلوے ٹریکس کو تاحال بحال نہ کیا جا سکا۔ دادو میں سیلاب سے متاثرہ سڑکیں اب تک تباہ حالی کا شکار ہیں جب کہ سیہون اور جامشورو میں ریلوے ٹریک تاحال بحال نہ ہو سکا۔ ریلوے ذرائع کے مطابق پانی کی کمی کے بعد ٹریک کی بحالی کا کام شروع کیا جائے گا۔ دوسری جانب سیپکو ذرائع کا کہنا ہے کہ فریدآباد گرڈ سٹیشن اب تک بند ہے جس کی وجہ سے کئی دیہات بجلی سے محروم ہیں۔
خیرپور، نعشیں برآمد
خیر پور: نوجوان سیلابی پانی میں ڈوب گیا، ایک کی نعش نہر سے برآمد
Nov 18, 2022